امام خامنہ ای سے روسی صدر کی اہم ملاقات متوقع


امام خامنہ ای سے روسی صدر کی اہم ملاقات متوقع

روسی حکام کا کہنا ہے کہ صدر ولادیمیر پیوٹن تہران میں رہبر اعلی امام خامنہ ای سے اہم ملاقات کریں گے۔

 تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، روسی صدرولادیمیر پیوٹن قائد انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ امام سید علی خامنہ ای سے خطے، خاص کر شام کے متعلق تبادلہ خیال کریں گے۔
بین الاقوامی امور میں صدر پیوٹن کے مشیرخاص ''یوری اوکاشوف'' کا کہنا ہے کہ تہران میں سہ فریقی اجلاس کے بعد صدر پیوٹن امام خامنہ ای سے خصوصی طور پر ملیں گے۔
انہوں نے کہا کہ روسی صدر کی ایرانی اور ترک ہم منصبوں کے ساتھ بھی الگ الگ ملاقاتیں ہوں گی.
روسی صدر کے مشیرخاص نے کہا کہ صدر پیوٹن اپنے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر حسن روحانی کے ساتھ شام کی تازہ ترین صورتحال، دوطرفہ تعاون کے فروغ بالخصوص ایران جوہری معاہدے کے حوالے سے بات چیت کریں گے.
یاد رہے کہ شام سے متعلق اسلامی جمہوریہ ایران، روس اور ترکی کا سہ فریقی سربراہی اجلاس 7 ستمبر کو حکومت ایران کی میزبانی میں تہران میں منعقد ہوگا.
خیال رہے کہ گزشتہ سال 22 نومبر کو روسی علاقے سوچی میں ایران، روس اور ترکی کے سربراہان مملکت کی پہلی مشترکہ نشست کا انعقاد کیا گیا تھا اور دوسرا اجلاس رواں سال کے 22 اپریل کو انقرہ میں ہوا تھا.
تہران کے آئندہ سربراہی اجلاس میں سوچی اور آستانہ میں ہونے والے گزشتہ نشستوں کے نتائج پر غور کیا جائے گا جبکہ اسی دوران شامی صوبے ادلب میں دہشتگردوں کے خلاف اقدامات سے متعلق بھی گفتگو ہوگی.

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری