یوم بحریہ 8ستمبر کے موقع پر نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا پیغام


یوم بحریہ 8ستمبر کے موقع پر نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا پیغام

نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ یوم پاک بحریہ (نیوی ڈے)8ستمبر کا دن ہماری قومی تاریخ کے اُس سنہری باب کی یاد دلاتا ہے جب پاک بحریہ کے آفیسرز اور جوانوں کے بلند حوصلے اور غیر متزلزل عزم نے دشمن کے قبیح خوابوں کو ریزہ ریزہ کیا اور اُن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملایا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،ظفر محمود عباسی نے کہا ہے جرات و بہادری سے عبارت ” آپریشن سومنات“ کے ذریعے پاک بحریہ نے دوارکا میں واقع بھارتی ریڈار اسٹیشن پر حملہ کیا اور جنگ کے آغاز ہی میں نفسیاتی برتری حاصل کی اور مابعد پاک بحریہ کی آبدوز غازی نے پوری جنگ کے دوران بلاحجت اپنی برتری کو قائم رکھا۔ پاک بحریہ کی اس برتری نے بھارتی بحری بیڑے بشمول بھارتی طیارہ بردار بحری جہاز کو اُس کی اپنی بندرگاہوں میں ہی مقیّد کیے رکھا۔

پاک بحریہ کے غازیوں اور جنگ میں غیر معمولی کارناموں کو انجام دینے والے آفیسرز اور جوانوں کی شجاعت اور جرات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پاک بحریہ ہر سال اِس دن کو مناتی ہے جن کی عالی ہمت، بہادری اور قربانیوں نے ہم میں نئے جذبے اور نا قابلِ شکست عزم کو جا گزیں کیا ہے۔

آج پاکستان کو اندرونی اور بیرونی محاذ پر مختلف النوع سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔اندرونی محاذ پر پاکستان دشمن عناصر ملک کے امن و امان میں خلل ڈالنے کے درپے ہیں۔ملک سے اِن عناصر کے خاتمے کے قومی عزم میں پاکستان کی مسلح افواج صفِ اوّل پر ہیں۔ پاک بحریہ پاک آرمی، پاک فضائیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ”آپریشن ردالفساد“ میں اپنا واجب کردار ادا کر رہی ہے۔

8ستمبر1965کا دن ہماری بحری تاریخ میں ایک سنہرے باب کی حیثیت سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور پیشہ ورانہ اہداف کے حصول میں نئی نسل کے آفیسرزاور جوانوں کے لیے جرات اورجدت نظری کے لیے ترغیب کا باعث رہے گا۔

ہم8ستمبر1965کے جذبے کو زندہ جاوید رکھنے کے لیے پُر عزم ہیں اور غیر متزلزل عزم، لگن اور جذبے کے ساتھ بحری سرحدوں کے دفاع کا عہد کرتے ہیں۔اللہ سبحانہ ُ تعالی ٰ ہمارا حامی و ناصر ہو

پاکستان نیوی زندہ باد ۔۔ پاکستان پائندہ باد

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری