مسقط : مشتاق یوسفی کی یاد میں ادبی ریفرنس


مسقط : مشتاق یوسفی کی یاد میں ادبی ریفرنس

اردو کے بلند پایہ اور نامور طنز و مزاح نگار مشتاق احمد یوسفی کی یاد میں پاکستان سوشل کلب عمان کی جانب سے مسقط میں ادبی ریفرنس کا اہتمام کیا گیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، تقریب کی صدارت، ارشد علی خان نے کی ۔اس کے مہمان خصوصی، میاں محمد ریاض تھے۔ 

حافظ نعیم خالد نے تلاوت قران کریم اور چوہدری محمد افضل نے نعت شریف پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔مہمانان اعزازی، شہزاد رضا، نعمان عبدالماجد اور فہد نواز چیمہ سمیت ڈاکٹر اکرام برنی، ڈاکٹر سید شریف عطااللہ، مروّت احمد، محمد علی فضل،محمد زعیم اختر، اسد عمر، عابد مغل اور ادبی ریفرنس کے ناظم، کلب کے ڈائریکٹر تقریبات اور معروف شاعر،قمر ریاض نے باری باری مشتاق یوسفی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے موصوف کی قوت مشاہدہ کی گہرائی، اعلیٰ معیار کی شگفتہ نثر نگاری، ہمہ جہت شائستہ ادبی لطافت اور تحریف لفظی کے فن میں جداگانہ اسلوب نیز مشتاق احمد یوسفی کی سدا بہار شخصیت میں انکسار اور تہذیبی وقار کے رچاﺅ کی ستائش کی۔

پروفیسر ارشاد احمد نے اشعار کی صورت میں جبکہ محسن شیخ نے دستاویزی فلم کے ذریعے یوسفی صاحب کو ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ 

مسقط میں بین الاقوامی مشاعروں کے سرکردہ منتظم اور تقریب کے مہمان اعزازی، فہد اویس منیر نے مقامی اہم ادبی تقریبات کی نمایاں اور دیرینہ سرپرستی کے اعتراف میں میاں محمد منیر کو یادگاری نشان دیا۔ 

صدر تقریب نے مشتاق احمد یوسفی کی شاندار ادبی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مسقط میں مشتاق احمد یوسفی کے ادبی ریفرنس کے روح رواں قمر ریاض جیسے ادب دوست جب تک ادبی محفلیں منعقد کرتے رہیں گے، مشتاق احمد یوسفی اپنی ہنستی، مسکراتی اور گاہے گاہے ہمیں آئینہ دکھاتی شاہکار تحریروں کی صورت میں ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔ آخر میں مشتاق یوسفی کے لئے بلندی درجات کی دعا بھی کی گئی ۔ 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری