ملکی سلامتی پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا، بہرام قاسمی


ملکی سلامتی پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا، بہرام قاسمی

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے سپاہ پاسداران کی جانب سے شمالی عراق میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران ملکی سلامتی بالخصوص ملک دشمن عناصر اور دہشتگردوں سے نمٹنے پر ایک لمحہ بھی سمجھوتہ نہیں کرے گا.
وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے شمالی عراق میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر حالیہ ایرانی میزائل حملے سے متعلق کہا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملے ملکی سلامتی اور دہشت گردوں کو سبق سکھانے کے لئے کئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ سرحد پار دہشتگردوں کی نقل و حرکت بالخصوص سرحد پر ایرانی سیکیورٹی فورسز کی شہادت نے ہمیں مجبور کردیا کہ ان ملک دشمن عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹیں۔
خیال رہے کہ دو روز قبل اسلامی جمہوریہ ایران کے میزائل یونٹ نے عراق کے شہر اربیل میں واقع دہشت گردوں کے ٹھکانوں پرحملہ کرکے کئی شرپسندوں کو ہلاک یا زخمی کردیا تھا، میزائلوں نے 220 کلومیٹر (135 میل) دور عراق کے شمالی علاقے کویا میں واقع ٹھکانے پر اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔
پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ’ ایرانی مسلح افواج دہشت گردوں کو دوبارہ قومی سلامتی کے لیے خطرہ بننے کی اجازت نہیں دیں گی'۔
پاسداران انقلاب نے کُرد گروہ کو خبردار کیا ہے کہ آئندہ حملے مزید تباہ کن ہوں گے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل عراق سے ملحقہ سرحد پر شرپسندوں نے ایرانی سیکیورٹی فورسز نے حملے کئے تھے۔
یاد رہے کہ عراق اور ایران کے سیاسی اور عسکری تعلقات بہت اچھے ہیں، اسلامی جمہوریہ ایران نے عراق میں داعشی دہشت گردوں کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

 

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری