ایف آئی اے بیرون ملک پاکستانیوں کی 2700 جائیدادوں کا سراغ لگانے میں کامیاب


ایف آئی اے بیرون ملک پاکستانیوں کی 2700 جائیدادوں کا سراغ لگانے میں کامیاب

ایف آئی اےنے بیرون ملک پاکستانیوں کی 2700 پراپرٹیز کا سراغ لگانے میں کامیابی کا اعلان کیاہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، سپریم کورٹ نے بیرون ملک جائیداد رکھنے والے پاکستانیوں سے حلف نامے لینے کے لئے ایف آئی اے کو پندرہ دن کی ڈیڈ لائن دے دی جبکہ بیرون ملک اکاؤنٹس رکھنے والے پاکستانیوں کی فہرست بھی مانگ لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بیرون ملک پاکستانیوں کے اثاثوں اور بینک اکاؤنٹس سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی، سماعت شروع ہوئی تو اٹارنی جنرل انور منصور خان نے بیرون ملک اثاثوں کی واپسی کے حوالے سے حکومتی اقدامات کی رپورٹ پیش کی۔

اٹارنی جنرل نے بتایا کہ رقوم کی غیر قانونی ترسیل روکنے پرقانون بنا رہے ہیں ، رقوم حوالہ، ہنڈی اور اسمگلنگ سےمنتقل کی جاتی ہیں، جس پر چیف جسٹس نے کہا آپ اسمگلنگ روکنے میں کیوں ناکام ہیں، اسمگلنگ کاسامان آنکھوں کےسامنےفروخت ہورہا ہے، بڑے شہروں کی مارکیٹیں اسمگلنگ کے سامان سے بھری پڑی ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا ایف بی آر کو بلاکر پوچھ لیتے ہیں یہ سب کیا ہورہا ہے، تو اتارنی جنرل کا کہنا تھا کہ ہم نےقانون میں ترامیم کامسودہ تیارکرلیاہے، قانون میں ترمیم کےلئے ایک ہفتے کی مہلت دی جائے۔

جسٹس اعجاز نے استفسار کیا حوالہ، ہنڈی روکنے کے لئے کیا قانون سازی کررہےہیں، جس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ کچھ لوگوں نےپیسہ پہلے دبئی پھر یوکے بھیجا، ہم اسے روکنے کے لئے کام کر رہے ہیں۔

چیف جسٹس نے کہا اقدامات سے متعلق ہر 15روز بعد رپورٹ جمع کرائیں، تو اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ ہم اپنی پیش رفت رپورٹ ہر ہفتے جمع کراسکتےہیں۔

جسٹس ثاقب بیرون ملک اکاؤنٹس رکھنےوالے پاکستانیوں کی لسٹ دیں،طلب کرتےہیں، اگر اس سے سرمایہ کاری رک جائیگی تو یہ کام حکومتی ٹاسک فورس کرے۔

دوران سماعت ڈی جی ایف آئی اے نے انکشاف کیا کہ ہم نے بیرون ملک پاکستانیوں کی 2700 جائیدادوں کا سراغ لگایا ہے،  مالکان کوبلاکر بیان حلفی لینا چاہتےہیں تاکہ سچ اورجھوٹ آپ کے سامنے رکھ سکیں۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا یہ کام آپ کب تک کریں گے؟ جس پر ڈی جی ایف آئی اے نے کہا ایک ماہ کی مہلت دی جائے تو جسٹس ثاقب نثار کا ریمارکس میں کہنا تھا کہ ایک ماہ کی مہلت نہیں دے سکتے ، آپ کو مین پاور چاہیے تو حکومت سے لے دیتے ہیں، یہ کام ہمیں جلد کرنا ہے۔

ڈی جی ایف آئی اے نے کہا 15 دن کی مہلت دے دیجئے۔

چیف جسٹس نے بیرون ملک جائیداد رکھنے والے پاکستانیوں سے حلف نامے لینے کے لئے ایف آئی اے کو پندرہ دن کی ڈیڈ لائن دے دی جبکہ بیرون ملک اکاؤنٹس رکھنے والے پاکستانیوں کی فہرست بھی مانگ لی۔

بعد ازاں کیس کی سماعت2 ہفتے کے لئے ملتوی کردی گئی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری