پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کا خیرمقدم کرتے ہیں، امریکا


پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کا خیرمقدم کرتے ہیں، امریکا

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ہیدرنوئرٹ کا کہنا ہے کہ امریکا پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کا خیرمقدم کرتا ہے، امید ہے ملاقات میں مضبوط تعلقات کی راہ ہموار ہوگی۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ہیدرنوئرٹ واشنگٹن میں پریس بریفنگ دیتے کہا کہ امریکا نیو یارک میں ہونے والی پاک بھارت وزرائے خارجہ کی متوقع ملاقات تعلقات میں بہتری کی جانب قدم ہے، اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاک بھارت حکام کا ساتھ بیٹھنا اور معاملات پر بات چیت کرنا ایک مثبت پیغام ہے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور مودی نے بھی مثبت پیغامات کا تبادلہ کیا ہے، امید ہے ملاقات میں مضبوط تعلقات کی راہ ہموار ہوگی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو لکھے خط میں مذاکرات کی پیش کش کی تھی۔ وزیراعظم کا خط میں کہنا تھا کہ تنازعہ کشمیراور دہشت گردی سمیت تمام مسائل بات چیت سے حل کرنا ہوں گے۔

جس کے جواب میں بھارت نے پیشکش قبول کرتے ہوئے مثبت جواب دیا ہے۔ اس حوالے سے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ شاہ محمود قریشی اور سشما سوراج کے درمیان27 ستمبر کو نیویارک میں ہونے والی ملاقات کی تصدیق کردی ہے۔

اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات نیویارک میں کھانے کے دوران ہوگی، ملاقات سے پاک بھارت مذاکرات کا سلسلہ دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری