آج دنیا بھر میں عالمی یوم خوراک منایا جارہا ہے


آج دنیا بھر میں عالمی یوم خوراک منایا جارہا ہے

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج خوراک کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، خوراک کا عالمی دن منانے کا آغاز 1979 سے ہوا، اقوام متحدہ نے اس سال کا عنوان ’بھوک کا خاتمہ 2030 تک ممکن ہے‘ رکھا ہے۔

گلوبل ہنگر انڈیکس کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں 80 کروڑ سے زائد افراد دو وقت کی روٹی سے محروم ہیں۔ 22 ممالک ایسے ہیں جو شدید غذائی بحران کا شکار ہیں، ان میں سے 16 ممالک میں قدرتی آفات کی وجہ سے غذائی بحران بڑھا۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت کے زیر اہتمام ہر سال 16 اکتوبر کو عالمی یوم خوراک منایا جاتا ہے۔انیس سو اناسی میں اس ادارہ کی بیسویں جنرل کانفرنس میں یہ دن باقاعدہ طور پر منانے کی منظوری دی گئی تھی، اس وقت سے آج تک اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک میں عالمی یوم خوراک منایا جاتا ہے جس کا بنیادی مقصد عالمی سطح پر خوراک کی پیداوار میں اضافہ کرنا اور خوراک کی قلت کے خاتمے کے لئے اقدامات کرنا ،عالمی خوراک کے مسئلے سے متعلق عوام میں آگاہی پیدا کرنا، اور ناقص غذا اور غربت کے خلاف جدوجہد کرنا، مستقبل میں غذائی قلت جیسے مسئلے سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی تیا ر کر نا ہے،تا کہ آنے والی نسلوں کو غذائی قلت کے عذاب سے بچا یا جاسکے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت ایف اے او کے مطابق اگر کھانے کو ضائع ہونے سے بچایا جائے، اور کم وسائل میں زیادہ زراعت کی جائے تو سنہ 2030 تک اس ہدف کی تکمیل کی جاسکتی ہے۔

دنیا بھر کا جائزہ لیا جائے تو بھوک کی شرح سب سے زیادہ افغانستان میں ہے جس کے بعد چاﺅ، کوریا، ایتھوپیا، ہیٹی، صومالیہ، سوڈان ہیں۔

پاکستان میں پانچ کروڑ افراد ایسے ہیں جنھیں پیٹ بھر روٹی میسر نہیں، جبکہ امراءکا ایک بڑا طبقہ خوراک وافر مقدار میں میسر ہونے کے باعث استعمال نہ کرکے ضائع کردیتا ہے۔

اقتصادی ماہرین کے مطابق قدرت الٰہی نے سرزمین پاکستان کو بیش بہا نعمتوں سے نوازا ہے،زرعی زمین تو قدرت کا بہت بڑا عطیہ ہوتی ہے اورپاکستان اس نعمت سے مالا مال ہے۔

پاکستان میں اس وقت کل قابل کاشت زمین کا رقبہ تقریباً 55 ملین ہیکڑ ہےاوراس زمین کا صرف آدھا رقبہ ہی استعمال میں لایا جا رہا ہے جبکہ بقایا سرمائے کی کمی،پانی کی قلت،سرکاری جاگیر اور دیگر مسائل کی وجہ سے بیکار پڑی ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری