دنیا کے بلند ترین میدان میں شدید برفباری، پاک فوج کی امدادی کارروائی


دنیا کے بلند ترین میدان میں شدید برفباری، پاک فوج کی امدادی کارروائی

صوبہ گلگت بلتستان میں شدید برف باری کے باعث بند رابطہ سڑکیں تین دن بعد بھی نہیں کھولی جاسکیں، دنیا کے بلند ترین میدان دیو سائی میں پاک فوج کی جانب سے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، صوبہ گلگت بلتستان کے بلند ترین تفریحی مقام دیوسائی میں شدید برفباری کے باعث پھنسے ہوئے سیاحوں اور وائلڈ لائف کے اہلکاروں کو نکالنے کیلئے پاک آرمی نے ریسکیو آپریشن شروع کردیا ہے۔

ایس ایس پی اسکردو راجہ مرزا حسن کا کہنا ہے کہ تمام افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعہ اسکردو لایا جائے گا، دیوسائی پر غیر ملکی خاتون سائیکلسٹ ،چار ملکی سیاح اور پانچ وائلڈ لائف کے اہلکار تین روز سے پھنسے ہوئے ہیں۔

بابوسر ٹاپ اور گٹی داس میں پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ دیوسائی میں پاک فوج جبکہ ناران اور بابوسر ٹاپ میں ریسکیو کے تربیت یافتہ 40اہل کار بھاری مشینری کے ہمراہ پہنچ گئے ہیں۔

دوسری جانب دیامر کے بالائی علاقوں بابو سرٹاپ اور گٹی داس میں برفباری تھم گئی ہے، صوبائی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہاں پرپھنسے 8 مزدوروں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے جبکہ دیگر لوگوں کو نکالنے کیلئے آپریشن جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر دیامر کا کہنا ہے کہ کچھ چرواہے کشمیر کی وادی شاردہ پہنچ گئے ہیں، ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر خطیر احمد کا کہنا ہے کہ ناران اور بابوسر ٹاپ میں ریسکیو کیلئے 40 تربیت یافتہ اہل کار اور بھاری مشینری بھیج دی ہیں۔

ایلکاروں نے سیاحوں کو نکالنے کیلئے امدادی سرگرمیاں شروع کردی ہیں، ڈپٹی کمشنر مانسہرہ محمد زبیرکے مطابق ناران سے لولو سر جھیل تک برف کی صفائی کا کام شام تک مکمل کرلیا جائے گا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری