وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر آج سعودی عرب روانہ ہونگے


وزیر اعظم عمران خان 2 روزہ دورے پر آج سعودی عرب روانہ ہونگے

وزیراعظم عمران خان آج دو روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے، جہاں وہ 'مستقبل کے سرمایہ کاری اقدامات' کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کو دورے کی دعوت سعودی بادشاہ شاہ سلمان بن عبد العزیز نے دی ہے۔

وزیراعظم 23 اکتوبر سے شروع ہونے والی اس تین روزہ کانفرنس میں پاکستان میں سرمایہ کاری اور معاشی مواقع پر روشنی ڈالیں گے اور اپنے آئندہ 5 سالہ وژن سے دنیا کو آگاہ کریں گے۔

وزیراعظم پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہشمند کاروباری شخصیات سے بھی ملیں گے۔

اپنے دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر خزانہ اسد عمر بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں منعقدہ اس سرمایہ کاری کانفرنس میں متعدد ممالک نے صحافی جمال خاشقجی کے وحشیانہ قتل پر احتجاج کرتے ہوئے شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

دوسری طرف جرمنی نے سعودی صحافی اور واشنگٹن پوسٹ کے کالم نگارجمال خاشقجی کے قتل پر سعودی عرب کواسلحے کی فروخت روکنے کا فیصلہ کر لیا۔

جرمنی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کو جمال خاشقجی کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہوگا۔

جرمن چانسلر انیجلا مارکل نے کہا ہے کہ سعودی صحافی کے قتل پر سوالات کی موجودگی تک سعودی عرب کو اسلحےکی فروخت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو صحافی کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہوگا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری