گوادر پورے خطے کی تقدیر بدل دے گا: چیئرمین سینیٹ


گوادر پورے خطے کی تقدیر بدل دے گا: چیئرمین سینیٹ

پاکستانی سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ گوادر ایک بہت بڑے پروجیکٹ کی گزر گاہ بننے جا رہا ہے، بہت جلد پورے خطے کی تقدیربدل دے گا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،گوادر میں ایشیا پارلیمانی اسمبلی کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی نے کہا کہ گوادر ایک بہت بڑے پروجیکٹ کی گزر گاہ بننے جا رہا ہے، بہت جلد پورے خطے کی تقدیربدل دے گا۔

واضح رہے کہ گوادراجلاس میں مختلف ممالک کے 50 سے زائد وفود اجلاس میں شریک ہیں۔

قائم مقام صدر اور سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی مہمان اور پارلیمنٹرین اور دیگر شرکا کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ گوادر میں منعقد ہونے والی یہ سب سے بڑی کانفرنس ہے۔ کانفرنس کا گوادر میں ہونا علاقے کے لیے نیک شگون ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوادر جلد عالمی تجارت کا مرکز بننے والا ہے۔ پاک فوج دہشت گردوں کو ناکام بنانے کے لیے ثابت قدمی سے کھڑی ہے۔

اجلاس کے پہلے سیشن سے سیکریٹری سینیٹ امجد علی نے بھی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریب کا مقصد گوادر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔ پارلیمانی، وفاقی اور صوبائی حکومت کے تعاون سے اجلاس کا انعقاد ہوا۔

سیکریٹری سینیٹ کا کہنا تھا کہ اجلاس سے علاقائی روابط اور ترقی میں اضافہ ہوگا۔

اجلاس سے سیکریٹری جنرل ایشیائی پارلیمانی اسمبلی ڈاکٹر رضا مجیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے پرتپاک استقبال پر شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر ایشیا کے مسائل حل کر سکتے ہیں، ایشیا کی ترقی کو مد نظر رکھتے ہوئے باہمی اشتراک ناگزیر ہے۔ پارلیمانی اسمبلی باہمی تعاون اور مسائل کے حل کے لیے بہترین فورم ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری