پاکستان کے تعاون سے مغوی اہلکار جلد بازیاب کرائیں گے، ظریف


پاکستان کے تعاون سے مغوی اہلکار جلد بازیاب کرائیں گے، ظریف

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے تعاون سے ایرانی مغوی اہلکاروں کی بازیابی کے لئے کوششیں تیزکی جارہی ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان، ایرانی مغوی اہلکاروں کی بازیابی کے لئے مزید اقدامات اٹھائے گا.

ایرانی وزیرخارجہ  نے پیر کے روز پاکستان کے حالیہ دورے سے متعلق صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاک ایران سرحد پرپاکستانی حکام سے دہشتگردانہ کاروائیوں کو روکنے کے لئے مناسب اقدامات اٹھانے پر اتفاق ہوا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پاک ایران سرحد کو مشترکہ طور پر پرامن بنانے کی کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان، وزیر خارجہ اور پاک فوج کے سربراہ  نے وعدہ دیا ہے کہ وہ ایرانی اہلکاروں کی بازیابی کے لئے اپنی کوششوں میں اضافہ کریں گے.

ظریف کاکہنا تھا کہ ایرانی مسلح افواج مغوی سرحدی اہلکاروں کی بازیابی کے لئے دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے فیصلوں پر عمل کرنے پر کام کررہی ہیں

خیال رہے کہ 15 اکتوبرکو پاکستان کے صوبے بلوچستان سے متصل ایرانی سرحد پر تقریباً 12 محافظین کودہشت گردوں نے اغوا کرلیا تھا جبکہ اس کی ذمہ داری ’جیش العدل‘ نامی دہشت گرد تنظیم نے قبول کی تھی۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ عسکریت پسندوں نے محافظین کو اغوا کے بعد پاکستانی علاقے منتقل کردیا تھا۔

مذکورہ واقعے کے بعد ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جس میں وزیراعظم، پاک فوج کے سربراہ اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات میں پاکستان سے ملحقہ سرحد پر سیکیورٹی میں اضافہ کرنے اور تعینات اہلکاروں کی تعداد بڑھانے سمیت متعدد دیگر اقدامات کرنے کی درخواست کی تھی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری