یمنی قوم اور انصاراللہ بہت جلد جارح قوتوں پر فتح حاصل کریں گے، امام خامنہ ای


یمنی قوم اور انصاراللہ بہت جلد جارح قوتوں پر فتح حاصل کریں گے، امام خامنہ ای

امام خامنہ ای نے تہران میں وحدت اسلامی کانفرنس کے دوران اسلامی ملکوں کے سفیروں سمیت معروف سماجی، سیاسی شخصیات کے عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا: یمنی قوم اورانصااللہ بہت جلد جارح قوتوں پر فتح حاصل کریں گے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ختمی مرتبت رسول خدا صل اللہ علیہ وآلہ وسلم اور فرزند رسول حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے تہران میں ایران کےاعلی حکام، اسلامی ملکوں کے سفیروں اور بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس میں شریک سماجی اور سیاسی شخصیات کے عظیم اجتماع سے خطاب کیا۔

امام سید علی خامنہ ای نے عالمی دانشوروں کے عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا امریکا اپنی سامراجی سوچ کی وجہ سے مختلف ممالک کی توہین اور تحقیر کرتا رہتا ہے۔

رہبر معظم نے فرمایا امریکا کے بد زبان صدر ٹرمپ نے سعودی حکام کی توہین کرتے ہوئے دودھ دینے والی گائے سے تشبیہ دی۔

امام خامنہ ای نے امریکی صدر کے رویے کو سعودی عرب کے عوام اور خطے کی اقوام کی توہین قراردیتے ہوئےفرمایا کہ خطے کے اسلامی ممالک کے بعض حکام نے فلسطین اور یمنی عوام کے ساتھ خیانت کرتے ہوئے امریکا کا ساتھ دیا، لیکن یقینا کامیابی اور فتح فلسطین اور یمنی عوام کی ہی ہوگی اور امریکا اور اس کے پیروکار بہت جلد شکست کھائیں گے۔

امام سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ خطے میں امریکا اور صیہونی حکومت کو ذلت آمیزشکست ہوگی کیونکہ یہ پہلے سے کہیں زیادہ کمزور ہوچکے ہیں۔

امام خامنہ ای نے فرمایا کہ صیہونی حکومت کو تینتیس روزہ جنگ میں حزب اللہ سے شکست ہوئی، دو سال بعد فلسطینیوں کے مقابلے میں بائیس دن سے زیادہ نہ ٹک سکی۔ اس کے بعد غزہ پر اس کی جارحیت آٹھ دن میں ہی شکست پر منتج ہوئی اور ابھی ایک ہفتہ قبل غزہ پر جارحیت میں اس کو دو دن میں ہی شکست کا منھ دیکھنا پڑا۔

آپ نے فرمایا کہ یہ ساری شکستیں اور ناکامیاں غاصب صیہونی حکومت کے روز بروز کمزور سے کمزور تر ہونے کا ثبوت ہیں۔

امام سید علی خامنہ ای نے تمام تر دباؤ اور سختیوں کے مقابلے میں چالیس سال سے جاری ایرانی عوام کی استقامت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ امریکا اور صیہونی حکومت ایران کو دھمکیاں دے رہے ہیں لیکن وہ نہ اب تک ایران کا کچھ بگاڑ سکے ہیں اور نہ ہی آئندہ اس کا کچھ بگاڑ سکیں گے۔

آپ نے فرمایا کہ ہمیں یقین ہے کہ اس خطے میں سامراج کو ایک بار پھر اسلامی بیداری سے منھ کی کھانی پڑے گی۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ خطے کی نجات اسلامی بیداری کی تقویت میں ہے۔ آپ نے فرمایا کہ میں تمام مسلم اقوام سے اپیل کرتا ہوں کہ اسلامی بیداری کی تحریک کی زیادہ سے زیادہ تقویت کریں۔

امام خامنہ ای نے عالم اسلام کوختمی مرتبت رسول اکرم صل اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حضرت امام جعفر صادق علیہ الصلوات والسلام کے یوم ولادت باسعات کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے فرمایا: دنیا جہالت کی تاریکیوں میں غرق تھی کہ خداوند عالم نے بشریت کو نور رسول اکرم کا تحفہ دیا، اگر اس نورکی صحیح معنوں میں پیروی کی جائے تو اس کا نتیجہ نجات اور کامیابی کی شکل میں ظاہر ہو گا۔

امام خامنہ ای نے امریکی پیروی کرنے والے اسلامی ممالک کے حکمرانوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے فرمایا بعض ممالک اسلام اور قرآن کی اطاعت کے بجائے، امریکا کی اطاعت کرتے ہیں۔

امام سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ اگر انسانیت فکری بلوغت کو پہنچ جائے اور پیغمبر اسلام کی دعوت پر لبیک کہے تو اس کی ساری مشکلات و مسائل حل ہو جائیں۔

امام خامنہ ای نے فرمایا آج بھی سامراجی طاقتوں کے ظلم کی وجہ سے دنیا قبل از اسلام کے دور کی مانند تاریکیوں میں گرفتار ہے۔

امام خامنہ ای نے فرمایا کہ پوری انسانیت مشکلات و مسائل میں گرفتار ہے اور یہ بات صرف اسلامی دنیا سے مخصوص نہیں ہے بلکہ وہ ممالک بھی جو بظاہر ترقی یافتہ ہیں، بہت زیادہ مشکلات و مسائل سے دوچار ہیں اور اسلام ان تمام مشکلات و مسائل کا حل پیش کرتا ہے۔

رہبرمعظم نے فرمایا کہ جس جگہ بھی عوام کے دلوں پر اسلام نے حکمرانی کی ہے وہاں سامراجی طاقتوں کو منھ کی کھانی پڑی ہے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری