کراچی میں چینی قونصلیٹ پر حملے سے تعلقات متاثر نہیں ہونگے، چین


کراچی میں چینی قونصلیٹ پر حملے سے تعلقات متاثر نہیں ہونگے، چین

چینی حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے سے پاک چین تعلقات متاثر نہیں ہوں گے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کے باہمی اعتماد، تعاون اور دوستی کے بھرپور عملی مظاہرے نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے والی کوئی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے حملے میں ملوث افراد اور تنظیموں کے خلاف بھرپور کارروائی کی، چینی اداروں، افراد اور سی پیک کی سیکیورٹی مزید مستحکم کرنے کا یقین دلایا ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ چین پاکستانی پولیس کو فوری اور فیصلہ کُن کارروائی پر خراج تحسین پیش کرتا ہے، حملے میں پاکستانی سیکیورٹی گارڈز اور شہریوں کی ہلاکت پر افسوس ہے۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ چینی قونصل خانے کے حکام نے اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور انہیں اعزازی رقم بھی دی، چینی قونصل جنرل نے بھی تعزیتی پیغام کے ساتھ مرنے والوں کے لواحقین کو اعزازی رقم بھجوائی ۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور دنیا بھرمیں چینی باشندوں نے متاثرین کے لیے امدادی رقوم دی ہیں، اس عملی مظاہرے سے ایک بار پھر ثابت ہوا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے اونچی، سمندروں سے گہری اور ہر موسم کے اسٹریٹجک پارٹنرز کے اعزاز کی مستحق ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری