کراچی: مقامی سطح پر تیار کردہ جنگی سامان کی نمائش


کراچی: مقامی سطح پر تیار کردہ جنگی سامان کی نمائش

کراچی ایکسپو سینٹر کے احاطے میں پاکستانی ساختہ الخالد،الضرار،الحدید ٹینکس جبکہ ڈرون ٹیکنالوجی شہپر، براق، عقاب سمیت جے ایف 17 تھنڈراورسپر مشاق طیارے نمائش کے لئے رکھے گئے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان آرڈننس فیکٹری کے ڈائریکٹرایکسپورٹ عثمان علی بھٹی کا کہنا ہے کہ آئیڈیاز میں اسٹال لگانے کا مقصد جدید ہتھیاروں کو متعارف کروانا ہے ہمارے پاس اسمال آرم ایمونیشن، ایئر کرافٹ، اینٹی ایئر کرافٹ، ٹینک اور اینٹی ٹٰینک ہتھیار دستیاب ہیں جو دور جدید کی تمام تر سہولیات اور جدت سےلیس ہیں۔

عثمان علی بھٹی  کا کہنا ہے کہ ان ہتھیاروں کی نمائش کا مقصد اپنے شہریوں کوبھی پاکستانی ہتھیاروں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اس بات کو باور کرانا ہے کہ پاکستان دنیا بھر کے لگ بھگ 40  ممالک کو ہتھیار سپلائی کرتا ہے۔

 دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018میں ملکی سطح پر تیار ہونے والا حربی سازوسامان دیکھ کر غیر ملکی مندوبین دنگ رہ گئے.

پاکستانی انجینیئرزکی جانب سے مینول سے خودکار سسٹم میں تبدیل کیا جانے والاپاکستانی ساختہ ایئرڈیفنس سسٹم بھی خصوصی توجہ کا مرکزرہا۔

چیئر مین پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس ائیرمارشل احمد شہزاد کا اسٹال کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ بیرون ممالک کی ایئر فورسز کے ساتھ مکمل روابط ہیں،جے ایف تھنڈر سمیت دیگر حساس آلات مقامی سطح پر تیار کررہے ہیں،کئی ممالک کے ساتھ پاکستان ایئر فورس کے ماضی میں معاہدے ہوئے ہیں۔

ڈائریکٹر مارکیٹنگ،ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا بریگیڈیئرنعمان کے مطابق 70کی دہائی میں دفاعی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے سفرشروع کیا تھا،پاکستانی ساختہ ٹینک الخالد ون ورژن تیار کرکے پیش کیا جارہا ہے،الضرار ٹی ففٹی نائن سیریز کو دور جدید کے مطابق اپ گریڈ کیاگیا ہے۔

قصوہ اور الحدید کے نام سے لاجسٹک وہیکل بنائی گئی ہے،ناگہانی دہشت گردی سے نبردآزما ہونے کے لیے یہ تیار کیے گئے ہیں،کمرشل گاڑیوں کی ساخت کو متاثر کیے بغیر آرمڈ پروڈکٹ لگائی گئی،ان کا کہناتھا کہ عراق اور بحرین کو مختلف دفاعی سامان برآمد کیا گیا۔

نمائش میں شریک غیر ملکی مندوبین کے ساتھ ایم اویوز پر بات ہورہی ہے، ڈپی چیف آف نیول اسٹاف ریئر ایڈمرل فیصل رسول لودھی کا پاک بحریہ کے اسٹال پر گفتگو میں کہناتھا کہ پاک بحریہ نے 1990میں ترقیاتی کام شروع کیا،اوراس دوران دفاعی ضروریات کے پیش نظر بڑے بحری جہاز بنائے،ان کا کہناتھا کہ ہمارا مستقبل بہت روشن ہے، 17ہزار ٹن کا فیول ٹینکرشپ یارڈ میں تیار کیا گیا۔

واضح رہے کہ دفاعی نمائش میں50 سے زائد ممالک کے 262 سے زائد وفود شرکت کررہے ہیں۔

 اس بار نمائش میں اسٹالز لگانے والوں کی تعداد ماضی کی آئیڈیاز سے زیادہ تھی، دفاعی نمائش میں522سے زائد کمپنیاں نمائش میں اپنی مصنوعات کو نمایاں کررہی ہیں،جن کا تعلق دنیا کے 52ملکوں سے ہے،321غیر ملکی کمپنیاں جبکہ 201پاکستانی کمپنیاں نمائش میں شریک ہیں۔

دفاعی نمائش میں شرکت کرنیوالے ممالک میں اسلامی جمہوریہ ایران، امریکا، اٹلی، جرمنی، اردن، پولینڈ،روس، جنوبی کوریا،یوکرائن سمیت دیگرممالک کی کمپنیاں شامل ہیں۔

خیال رہے کہ دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018اب تک کی سب سے بڑی عسکری نمائش ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری