عمران خان نے 100دن میں 100 یوٹرن لئے، بلاول بھٹو


عمران خان نے 100دن میں 100 یوٹرن لئے، بلاول بھٹو

پی پی پی کے یوم تاسیس کے سلسلے میں سکھر میں مرکزی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان نے 100 روز میں 100 یوٹرن لینے کےعلاوہ کچھ نہیں کیا۔

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کی 100 روزہ کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان غریب مکاؤ پروگرام پر عمل کر رہے ہیں اور عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان غریب مکاؤ پروگرام پر عمل کررہے ہیں، مہنگائی کے سونامی میں عوام ڈوب رہے ہیں۔

وفاقی حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر یوٹرن لینے ہیں تو مہنگائی پریو ٹرن لیں، گزشتہ 100 روز کے دوران گردشی قرضہ تاریخی سطح پرپہنچ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں آج بجلی اور گیس کا بحران ہے، کراچی سمیت کئی شہر آج بھی اندھیروں میں ڈوبے ہوئے ہیں لیکن سادگی مہم کے نام پرعوام کی سادگی سے کھیلنے کی مہم چلائی گئی۔

وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ ایسا لاڈلا ہے جوچوری بھی کرتا ہے اورسینہ زوری بھی کرتا ہے، انوکھے لاڈلےکو کھیلنے کے لیے پورا ملک دے دیا گیا ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ لیڈر وہ ہوتا ہے جو عوام سے کیے گئے وعدے پر قائم رہے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ حکومت نے احتساب کے نام پرانتقام کا بازار گرم کردیا اور احتساب کے نام پرسیاسی مخالفین کوبدنام کیا گیا دوسری جانب مہنگائی سےعوام کی کمرٹوٹ گئی ہے اورنوجوان مایوس ہیں۔

حکومت نے جنوبی پنجاب صوبے کے لیے کچھ نہیں کیا اور جنوبی پنجاب کا وعدہ بھی دوسرے وعدوں کی طرح جھوٹا نکلا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب تو 18ویں ترمیم پر بھی حملے کیے جارہے ہیں، حکمران صوبوں کی خود مختاری پرحملے کررہے ہیں اگر 18ویں ترمیم پرحملہ ہوا تو پیپلزپارٹی اس کوشش کو ناکام بنائےگی۔

ڈان نیوز کے مطابق پارٹی کے یوم تاسیس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آمروں نے مذہب کو ڈھال کے طور پراستعمال کیا لیکن پاکستان کےحالات تقاضہ کرتے ہیں کہ بھٹو کے فلسفے پرعمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عدم برداشت کی آگ نے پورے ملک کواپنی لپیٹ میں لے لیا اور آج پورا ملک جس آگ میں جل رہاہے یہ آگ آمروں نے لگائی تھی،اسلام کو دہشت گردی کے نام پر بدنام کیا گیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم جب یہ کہیں گے یہ جنگ ہماری جنگ نہیں تو شہدا کے ورثا پر کیا گزری ہوگی، خان صاحب مانیں یا نہ مانیں لیکن دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری جنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا مقابلہ ہمیشہ غیرسیاسی قوتوں سے رہا ہے، لیڈر وہ ہے جو اپنی بات پرقائم رہتا ہے، لیڈر بننا ذوالفقارعلی بھٹو اور بینظیر بھٹو سے سیکھو۔

پی پی پی کے یوم تاسیس سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر اور پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ ضیاء الحق کی سیاسی زندگی کچھ نہیں، بینظیر بھٹو اپنے عوام کے لیے لڑتی رہیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ لوگوں کو 18ویں ترمیم سے تکلیف ہے، اٹھارہویں ترمیم اپنے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے لیے کی تھی۔

سابق صدر نے کہا کہ ہمیں پتہ ہے کہ کون سی قوتیں پاکستان کوتوڑنا چاہتی ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری