عمران خان کا گورنر ہاؤس پنجاب کی دیواریں گرانے کا حکم


عمران خان کا گورنر ہاؤس پنجاب کی دیواریں گرانے کا حکم

پاکستانی وزیر اعظم نے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں قائم گورنر ہاؤس کی دیواریں گرانے کا حکم دے دیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،گورنر ہاؤس کی دیواریں گرانے کا فیصلہ گزشتہ روز صوبائی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم کے اس وعدے کے پیش نظر کیا گیا، جو انہوں نے قوم سے کیے گئے اپنے پہلے خطاب میں وزیراعظم اور گورنر ہاؤس کو عوامی مقامات میں تبدیل کرنے کا عہد کیا تھا۔

وزیر اعظم کی زیرِ صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و ثقافت برائے پنجاب فیاض الحسن چوہان نے گورنر ہاؤس کی دیواریں گرانے کا حکم دیے جانے سے متعلق تصدیق کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس کی دیواریں ’ لوگوں کو ڈرانے کے لیے تھیں‘۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ سے گورنر ہاوس اور اس طرح کے ادارے عوام کے لیے ناقابل رسائی تھے اور عوام وہاں جانے کا سوچ بھی نہیں سکتے تھے‘۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا تھا کہ ’ گورنر ہاؤس تاریخی عمارت نہیں بلکہ ایک دفتر ہے‘۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے گورنر ہاؤس کی دیواریں گرانے سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ہدایات جاری کی ہیں۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس کی دیواریں گرانے کا کام آئندہ 48 سے72 گھنٹوں میں مکمل کرلیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ستمبر میں وزیر تعلیم شفقت محمود نے لاہور میں واقع گورنر ہاؤس پنجاب کو عوام کے لیے کھولنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے گورنر ہاؤس کی عمارت کے دروازے عوام کے لیے کھول دیے گئے تھے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری