الحدیدہ میں سعودی اتحادی افواج کی جارحیت جاری


الحدیدہ میں سعودی اتحادی افواج کی جارحیت جاری

آل سعود کے اتحادی افواج نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے الحدیدہ پر ایک بارپھر بمباری کی ہے۔

 تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، سعودی امریکی اتحادی افواج نے یمن میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے الحدیدہ بندرگاہ پر وحشیانہ بمباری کی ہے۔

المسیرہ نیوز نے خبر دی ہے کہ سعودی اتحادی افواج کے لڑاکا طیاروں نے آج بروز بدھ کو صوبہ الحدیدہ کے مختلف علاقوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا۔

سعودی حملہ آوروں نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے الباب نامی شہرپربھی شدید گولہ باری کی ہے، یمنی فوج کا کہنا ہے کہ سعودی جارح افواج کے حملوں کا منہ توڑ جواب دیا گیا جس میں دشمن کی دو بکتربند گاڑیاں تباہ ہوئیں۔

یمنی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی جنگی جہاز بدستور یمن کے مختلف شہروں خاص کرصنعا میں پرواز کررہےہیں جس سے عام شہری شدید خوف میں مبتلاء ہیں۔

دوسری جانب یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورسز نے صوبے مارب میں سعودی عرب کے حملوں کا سخت جواب دیا ہے جس کم ازکم 10 سعودی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں سوئیڈن میں یمن کے متحارب فریقوں کے درمیان الحدیدہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے پر اتفاق ہوا تھا۔

یہ مذاکرات چھے دسمبر کو یمنی فریقوں کے درمیان یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے مارٹن گریفتھس کی صدارت میں سوئیڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں شروع ہوئے تھے اور تیرہ دسمبر کو الحدیدہ میں فائربندی کے بارے میں ہونے والے سمجھوتے کے ساتھ اختتام پذیر ہوئے۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری