گوادر میں آئل سٹی کا قیام


گوادر میں آئل سٹی کا قیام

سعودی عر ب نے پاکستان میں تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت گوادر میں آئل سٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، وفاقی وزیر پٹرولیم چودھری غلام سرور کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گوادر میں آئل سٹی کے قیام کیلئے اگلے ماہ معاہدے پر دستخط کئے جائیں گے ۔

سعودی عرب کے وزیر توانائی کی سربراہی میں آنے والے وفد نے پاکستان میں تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے، سعودی عرب سے اعلیٰ سطحی وفد سعودی وزیر توانائی، صنعت اور معدنی وسائل خالد بن عبدالعزیز کی قیادت میں گوادر پہنچا جہاں وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان اور وزیرپورٹ و شپنگ علی زیدی کی جانب سے سعودی وفد کا استقبال کیا گیا، وفد کو چائنا بزنس کمپلکس میں بریفنگ دی گئی جب کہ چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی اور گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈی جی نے سعودی وفد کو گوادر پورٹ اور ترقیاتی کاموں پر بریفنگ بھی دی۔

اس موقع پر سعودی شہزادہ خالد بن عبدالعزیز نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان میں تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کرے گا، پاکستان اور سعودی عرب خطے کے امن اور استحکام کیلئے اہمیت کے حامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ ایک اہم خطے میں واقع ہے، پاکستان، چین اور سعودی عرب کی دوستی اور باہمی اشتراک عمل عالمی دنیا کیلئے مثالی ہوگا۔

وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی شمولیت سے سی پیک منصوبے کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں، سعودی عرب پاکستان میں زرعی شعبے میں بھی سرمایہ کاری کرے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری