گوادر عالمی تجارت کا مرکزبن رہا ہے، وزیراعظم عمران خان


گوادر عالمی تجارت کا مرکزبن رہا ہے، وزیراعظم عمران خان

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ چین کے تعاون سے گوادرتیزی سے دنیا کا تجارتی مرکزبن رہا ہے۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،  دوسرے ون بیلٹ اینڈ روڈ فورم 2019 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی رہنماؤں کی موجودگی مایوسیوں پرامید کی ترجیح کی علامت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ون بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا خواب حقیقت کا روپ دھار رہا ہے، پاکستان کو فخر ہے کہ وہ اس منصوبے کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اورچین سی پیک کے اگلے فیز کی طرف بڑھ رہے ہیں، سی پیک کے اگلے فیز میں اسپیشل اکنامک زونزکا قیام ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے سے پاکستان میں توانائی بحران میں کمی ہوئی، چین کے تعاون سے گوادرتیزی سے دنیا کا تجارتی مرکزبن رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وائٹ کالر کرائم نے ترقی پذیرممالک پر منفی اثرات مرتب کیے، پاکستان وائٹ کالرکرائم کے خاتمے کے لیے بھر پور اقدامات کررہا ہے۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ چین سے زراعت، صحت اور تعلیم میں تعاون کا فروغ چاہتے ہیں، بنیادی ڈھانچے، ریلوے، آئی ٹی اورتوانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تعمیرات کے منفی اثرات سے بچنے کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں، ماحول کی بہتری کے لیے 10 ارب درخت لگانے کے منصوبے کا آغاز کیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان آزاد تجارت کا معاہدہ اہمیت کا حامل ہوگا، بیلٹ اینڈ روڈ ٹورازم کلچر کو فروغ دینے کے لیے بھی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن اور ترقی یافتہ دنیا کے لیے ہماری کوششیں جاری رہیں گی۔

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کی غیرمشروط حمایت پرچین کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فورم باہمی رابطوں اورشراکت داری کا اہم ذریعہ ہے۔

اس سے قبل چینی صدر نے دوسرے ون بیلٹ اینڈ روڈ فورم 2019 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ تجارت کے فروغ کے لیے آزاد تجارتی معاہدوں کی ضرورت ہے، بیلٹ اینڈ روڈ فورم تمام شریک ملکوں کو یکساں موقع فراہم کرتا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری