مدارس اور اسکولوں میں یکساں نصابِ تعلیم نافذ کرنے کی منظوری


مدارس اور اسکولوں میں یکساں نصابِ تعلیم نافذ کرنے کی منظوری

وفاقی کابینہ نے پورے ملک میں مدارس سمیت تمام اسکولوں میں یکساں نصاب تعلیم نافذ کرنے کی منظوری دے دی۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران رمضان المبارک کے مہینے میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے اور موبائل فون کمپنیوں کے لائنسنز کی تجدید کی بھی منظوری دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں کابینہ نے گردیشی قرضوں پر قابو پانے اور بجلی کی ترسیل کے نظام کی بہتری کے لیے خودکار میٹر نظام لگانے کی بھی منظوری دی۔

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس کے دوران ملک میں وفاق المدارس کے تحت چلنے والے 30 ہزار مدارس سمیت تمام تعلیمی اداروں میں یکساں نصاب تعلیم کے نفاذ پر جامع گفتگو ہوئی۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ یہ وزیراعظم عمران خان کا وژن تھا کہ پورے ملک میں یکساں نصاب تعلیم نافذ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تمام مدارس کو اپنی نگرانی میں لینے کی خواہشمند نہیں ہے لیکن وہ حکومت کے ساتھ منسلک ہوں گے، حکومت ان کی بینک ٹرانزیکشنز اور غیرملکی فنڈنگ کی نگرانی کرے گی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری