امریکا میں دہشتگردی کا ایک اور واقعہ؛ 5 ہلاک، 21 زخمی


امریکا میں دہشتگردی کا ایک اور واقعہ؛ 5 ہلاک، 21 زخمی

امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر اوڈیسا میں حملہ آور نے فائرنگ کرکے پانچ افراد کو ہلاک اور تین پولیس اہلکاروں سمیت 21 کو زخمی کردیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق امریکا میں دہشتگردی کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک جبکہ 3 پولیس اہلکاروں سمیت 21 کو زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق حملہ آور نے فائرنگ کا آغاز ٹریفک سگنل پہ متعین پولیس اہل کار کو نشانہ بنا کر کیا جس کے بعد حملہ آور پوسٹل سروس کی وین زبردستی چھین کر فرار ہوگیا۔

دہشتگرد نے چھینی گئی پوسٹل سروس کی وین چلانے کے دوران بھی فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا جس کی زد میں آکر بےگناہ لوگوں کی جانیں گئیں اور کتنے ہی راہگیر زخمی ہوئے۔

پولیس نے اس صورتحال کو دیکھ کر مجرم کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگیا۔

افسوسناک واقعے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دہشتگرد ایک سفید فام تھا جس کی عمر 30 سال کے لگ بھگ بتائی جاتی ہے۔

فائرنگ کی اطلاع ملنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صورتحال معلوم کی اور پھر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا کہ اٹارنی جنرل نے حالات سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ ایف بی آئی اور دیگر امن و امان برقرار رکھنے کے ذمہ دار ادارے اپنا کام کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ چند ہفتے قبل ٹیکساس کے شہر ایل پاسو کے سیلو وسٹا شاپنگ مال میں فائرنگ کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک جبکہ 40 زخمی ہوگئے تھے پولیس نے فائرنگ میں ملوث ایک سفید فام لڑکے پیٹرک کو گرفتار کیا تھا۔

واضح رہے کہ امریکا میں رواں سال اب تک ماس شوٹنگ کے 250 سے زائد واقعات ہوچکے ہیں اور امریکی عوام میں ان واقعات کی بنا پر بے پناہ تشویش پائی جارہی ہے۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری