مظلوم کشمیریوں کی نظر مدد کے لئے سوا ارب مسلمانوں کی طرف ہے جبکہ مسلم ممالک کی نظر تجارت کے لئے بھارت کی طرف ہے


مظلوم کشمیریوں کی نظر مدد کے لئے سوا ارب مسلمانوں کی طرف ہے جبکہ مسلم ممالک کی نظر تجارت کے لئے بھارت کی طرف ہے

وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر کے دارلحکومت مظفر آباد میں عالم اسلام کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام دنیا کے سوا ارب مسلمان کی طرف مدد کیلئے دیکھ رہےہیں مگر ان مسلمان ممالک تجارت کی وجہ سے بھارت کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد کے تاریخی جلسے سے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام دنیا کے سوا ارب مسلمان کی طرف مدد کیلئے دیکھ رہےہیں مگر ان مسلمان ممالک کی حکومتیں تجارت کی وجہ سے بھارت کی طرف دیکھ رہی ہیں۔

انہوں نے بھارتی وزیراعظم کو پیغام دیا کہ ایمان والا آدمی موت سے نہیں ڈرتا، عالمی برادری مودی کو کشمیریوں پر ظلم سے روکے، کرفیو ہٹوائے اور اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے ریفرنڈم کرائے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو کشمیری نوجوان کنٹرول لائن کی طرف جانا چاہتے ہیں وہ میری کال کا انتظار کریں۔

انہوں نے بھارتی وزیراعظم کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جس میں انسانیت ہوتی ہے وہ کبھی ایسا ظلم نہیں کرسکتا، دلیر انسان کبھی عورتوں اور بچوں پر تشدد نہیں کرسکتا ، جتنا ظلم کرنا ہے کرلیں نریندر مودی آپ کامیاب نہیں ہوں گے۔

مقبوضہ وادی کے لئے سفارتی کوششوں کے بارے میں عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا کے 58 ممالک نے پاکستانی مؤقف کی تائید کی کہ کشمیر پر لوگوں پر ظلم ہو رہا ہے، 50 سال میں پہلی بار کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل میں اٹھا، او آئی سی نے بھی بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اٹھانے کا مطالبہ کیا، امریکی سینیٹرز نے صدر ٹرمپ کو خط لکھا ہے کہ آپ کشمیر کے معاملے میں مداخلت کریں، برطانیہ کی پارلیمنٹ میں بھی پہلی دفعہ کشمیر پر بات ہوئی۔

وزیراعظم نے اپنی بات بڑھاتے ہوئے کہا کہ اگلے ہفتے اقوام متحدہ اجلاس میں جارہاہوں کشمیریوں کومایوس نہیں کروں گا، کشمیریوں کا ایسا ساتھ دوں گا جیسے پہلےکبھی کسی نے نہیں دیا، آپ کو فخر ہوگا کہ کشمیریوں کا سفیر کشمیریوں کیلئے کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے بھارتی پائلٹ کو اس لیے رہا کیا تھا کیونکہ ہم امن چاہتے ہیں لیکن بھارت میں لوگوں کو بتایا گیا کہ پاکستان ڈر گیا ہے، نریندر مودی کان کھول کر سن لو، ایمان والوں کو موت سے ڈر نہیں لگتا، یہ وہ قوم ہے جو آخری سانس تک لڑنا جانتی ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی خطاب کیا جس میں انہوں نے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی جبکہ بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی۔

علاوہ ازیں مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنے کے لئے جلسے میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی، سماجی کارکن اور گلوکار شہزاد رائے، اداکار و ہدایتکار جاوید شیخ، اداکار ہمایوں سعید، حریم فاروق، مایا علی، گلوکار فاخر محمود اور ساحر علی بگھا بھی شریک تھے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری