امریکا سے مذاکرات منسوخی، طالبان نے روس کا رخ کرلیا


امریکا سے مذاکرات منسوخی، طالبان نے روس کا رخ کرلیا

امریکا کی جانب سے امن مذاکرات منسوخ کیے جانے کے بعد افغان طالبان کے وفد نے روس کا دورہ کیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امن مذاکرات منسوخ کیے جانے کے بعد طالبان نے خطے کے ممالک کے ساتھ روابط تیز کردیے ہیں۔

پہلے مرحلے میں افغان طالبان کے وفد نے روس کا دورہ کیا ہے جس کے بعد دیگر پڑوسی ممالک سے بھی رابطے کیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق افغان طالبان کے وفد نے ماسکو کا دورہ کیا۔ روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ماسکو میں ان کا استقبال نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ضمیر کابلوف نے کیا۔ اس موقع پر روس نے امن مذاکرات کی بحالی کی ضرورت پر زور دیا جبکہ تحریک طالبان نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات بحال کرنے پر رضا مندی ظاہر کی۔

ذرائع کے مطابق طالبان نے خطے کے ممالک کے ساتھ روابط تیز کردیے ہیں۔

روس کا دورہ اسی سلسلے کی پہلی کڑی تھی۔ روسی دورے کے بعد اگلے مرحلے میں افغان طالبان چین، ایران اور دیگر وسط ایشیائی ریاستوں کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

یاد رہے کہ افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان دوحہ، قطر میں ہونے والے مذاکرات کے نویں دور سے وابستہ تمام امیدیں چند گھنٹے قبل اس وقت دم توڑ گئی تھیں جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے پیغام میں اعلان کیا تھا کہ مذاکرات کا جاری عمل منسوخ کردیا گیا ہے۔ اس کی وجہ انہوں نے کابل میں ہونے والے حملوں کو قراردیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ کیسے لوگ ہیں جو سودے بازی میں اپنی پوزیشن بہتر بنانے کے لئے انسانی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔

 

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری