پاکستان میں سوا 8 لاکھ افغان مہاجرین کو مہاجر کارڈ جاری


پاکستان میں سوا 8 لاکھ افغان مہاجرین کو مہاجر کارڈ جاری

چیف کمشنر افغان مہاجرین سلیم خان نے بتایا ہے کہ 8 لاکھ 24 ہزار افغان شہریوں کو مہاجر کارڈ جاری کر دیئے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق چیف کمشنر افغان مہاجرین سلیم خان نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سیفران کا اجلاس میں بریفینگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے 8 لاکھ 24 ہزار افغان شہریوں کو مہاجر کارڈ جاری کر دیئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 20 سے 22 فیصد کارڈز ایسے ہیں جو تقسیم نہیں ہوتے کیونکہ کارڈز کی تقسیم کے دوران ہی افغان مہاجرین جا چکے ہوتے ہیں۔

افغان مہاجرین کی رجسٹریشن اور بنک اکاؤنٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اب تک 14 لاکھ افغان مہاجرین رجسٹرڈ ہوچکے ہیں جب کہ 2 لاکھ افغان مہاجرین کے بینک اکاؤنٹ کھولے گئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں کارڈز کی فراہمی کے لیے دیگر اداروں کی معاونت کی ضرورت ہے کیونکہ وہاں کارڈز کی تیاری اور تقسیم میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ڈرائیونگ لائسنس کے حوالے سے چیف کمشنر افغان مہاجرین کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین کے ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق پالیسی واضح نہیں، کوشش کریں گے کہ قانون کی حدود میں رہتے ہوئے افغان مہاجرین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں۔

انہوں نے کہا کہ افغان باشندوں کا تعلیمی نصاب اپنا ہے لہذا حکومت نے ان کے نصاب کی مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈیورنڈ لائن اور مقبوضہ کشمیر کے معاملے میں حکومت کے تحفظات ہیں اور اسی طرح بیرون ممالک سے تعلقات پر افغان تعلیمی نصاب میں منفی مواد تھا۔ اس نصاب پر بروقت مانیٹرنگ سے مواد کو قبضے میں لیا گیا تھا۔

دوسری جانب پاکستان دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل  نے افغان وزارت امور خارجہ کے حالیہ بیان کو غیرذمہ دارانہ اور بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے اور تمام متعلقہ عالمی قوانین اور ضابطوں کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان سرکاری سرحد ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ پاکستان اور افغانستان سرحد پر طور خم پوائنٹ کا چوبیس گھنٹے کے لئے کھل جانا سرحد کے دونوں طرف کے عوام کو سہولت بہم پہنچانے کے لئے نہایت اہم قدم ہے تاہم ایسے بیانات دونوں ممالک کے درمیان امن اور تعاون کے لئے عزم کو گزند پہنچاتے ہیں اور ان سے احتراز برتا جانا چاہئے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری