کشمیر کے سفیر امریکا پہنچ گئے، 27 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے


کشمیر کے سفیر امریکا پہنچ گئے، 27 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے

وزیراعظم عمران خان  اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ حفیظ شیخ، سیّد زلفی بخاری سمیت  امریکا پہنچ گئے ہیں جہاں وہ 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا پہنچ گئے ہیں۔

امریکا میں وزیراعظم کا استقبال اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی اور امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید نےکیا۔ عمران خان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ حفیظ شیخ، سیّد زلفی بخاری بھی تھے۔

دفتر خارجہ نے وزیر اعظم کے دورہ امریکا کی تفصیلات جاری کر دی ہیں جس کے مطابق وزیراعظم 27 ستمبر تک امریکا میں قیام کریں گے، دورے کے دوران وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے 27 ستمبرکو خطاب کریں گے۔

وہ امریکی و چینی صدور اور برطانوی وزیراعظم سمیت دنیا کے کئی ممالک کے سربراہان سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

دورے کا محور مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کو اجاگر کرنا ہے، وزیراعظم 27 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، جہاں وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی سے آگاہ کریں گے.

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وزیراعظم عمران کی ملاقات 23 ستمبر کو ہوگی، عمران خان ترک صدر سے بھی ملاقات کریں گے.

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دورہ امریکا کا بنیادی مقصد کشمیر میں جاری بھارتی مظالم سے دنیا کو آگاہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ایک کشمیری وفد سے  بھی ملاقات کریں گے۔

دوسری جانب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ وزیراعظم امریکہ سمیت کشمیر میں ہونے والے ظلم سے دنیا کو آگاہ کریں گے،ان کے دورے کا مقصد دنیا کو بتانا ہے کہ کشمیر میں ظلم بند اوربھارتی قبضہ ختم ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل عمران خان نے اپنے مظفرآباد کے جلسے میں خطاب کرتے ہوئے ہوئے کہا تھا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر ایسے اٹھائوں گا جیسے آج تک کسی نے نہیں اٹھایا۔  

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری