دنیا کو ہماری دفاعی طاقت کا اندازہ نہیں، جس ملک نے بھی جارحیت کی اسے صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے؛ ایران کا دو ٹوک اعلان


دنیا کو ہماری دفاعی طاقت کا اندازہ نہیں، جس ملک نے بھی جارحیت کی اسے صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے؛ ایران کا دو ٹوک اعلان

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی نے صاف الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ ایران جارحیت کرنے والے ملک کو تباہ و برباد کرکے رکھ دے گا۔

 

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق سعودی تیل کی تنصیبات پر حملوں میں ایران کا بار بار نام لیا جا رہا ہے۔ یمنی فوج کے اعتراف اور ایران کے مسلسل انکار پر بھی امریکا اور سعودی عرب بضد ہیں کہ ان حملوں میں ایران ملوث ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ نے ان بےبنیاد الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا محض ایران کے خلاف کارروائی کا بہانہ بنا رہا ہے۔

تاہم کبھی امریکا اور کبھی سعودی عرب سے ایران پر حملے کے بھی اشارے مل رہے ہیں۔

اس صورت حال میں جہاں ایک طرف ایران نے مذکورہ حملوں سے لاتعلقی کا اظہار کرکے اپنا موقف دنیا کے سامنے رکھ دیا ہے وہیں کسی بھی جارحیت کے پیش نظر دنیا کو دو ٹوک الفاظ میں خبردار بھی کر دیا ہے کہ اگر کسی بھی ملک نے جارحیت کی تو ایران اسے صفحہ ہستی سے مٹا دے گا۔

میجر جنرل حسین سلامی نے خبردار کیا کہ ایران جارحیت کرنے والوں کو تباہ کرنے کیلئے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس ملک نے بھی ایران پر حملہ کیا اسے ہی میدان جنگ بنادیں گے، ہم کسی بھی جارحیت کرنے والے ملک کا مسلسل تعاقب کریں گے اور اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک وہ مکمل تباہ نہ ہوجائے لہٰذا محتاط رہیں اور غلطی نہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کو ایران پر جنگ مسلط کرنے کی اجازت کبھی نہیں دیں گے۔ ایران کی دفاعی صلاحیتیں ابھی سب پر ظاہر نہیں ہیں کیوں اب تک ہم نے اپنی طاقت اور صلاحیت کا صرف چھوٹا سا حصہ ظاہر کیا ہے۔

 

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری