کشمیر زلزلہ: آفٹر شاکس اور امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری


کشمیر زلزلہ: آفٹر شاکس اور امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری

گزشتہ روز آزاد کشمیر اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں آنے والے خطرناک زلزلے کے آفٹر شاکس آزاد کشمیر کے علاقے میرپور میں اب تک محسوس کیے جا رہے ہیں جبکہ ریسکیو ٹیموں کی جانب سے امدادی کارروائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق آزاد کشمیر اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں آنے والے خطرناک زلزلے کے آفٹر شاکس آزاد کشمیر کے علاقے میرپور میں اب تک محسوس کیے جا رہے ہیں۔ میرپور میں آج صبح ساڑھے 9 بجے 3.2 شدت کے آفٹر شاکس محسوس کیے گئے جس سے لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔

دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کو فوری طور پر میرپور میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امداد پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی ہدایت پر سول انتظامیہ کی مدد کے لیے آرمی کے دستے اور میڈیکل اسٹاف روانہ کیا گیا جو متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹرز نے میرپور میں نقصانات کا فضائی جائزہ مکمل کرلیا، جڑی کس اور چاتلاں کے علاقوں میں فضائی جائزہ لیا گیا۔
پاک فوج کے دستوں نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں جن میں میرپور، جاتلاں اور جری کس کے علاقے شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ امدادی سرگرمیاں رات بھر جاری رہیں گی۔

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں زلزلے سے دو شہر زیادہ متاثر ہوئے ہیں تاہم متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کے حوالے سے صورت حال قابو میں ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ پہلے ایک سے دو دن ہماری توجہ ریسکیو پر رہے گا اور اگلے چند دنوں میں امدادی کوششوں کے ساتھ ساتھ بحالی اور لوگوں کی مکمل بحالی کے لیے اپنا پورا منصوبہ بنالیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان جو اس وقت اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنے کے لئے امریکا موجود ہیں، نے متاثرہ علاقے میں ریلیف کے سلسلے میں متعلقہ محکموں کو ہر قسم کی معاونت کی فوری فراہمی کی ہدایت کی ہے۔
اپنی ٹوئیٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ زلزلے اور اسکے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کا جان کر دل نہایت مغموم ہے۔ میں متاثرین کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد شفایابی کیلئے دعا گو ہوں۔ نقصانات کے تخمینے اور متاثرین کیلئے فوری اور تیز امداد یقینی بنانے کیلئے میں اپنی حکومت کو بھی ہدایات دے چکا ہوں۔
واضح رہے کہ جاپان کی جانب سے پاکستان میں آنے والے زلزلے کے متاثرین کے ساتھ گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ جاپان کے پاکستان میں سفیر کنینوری مستوڈا نے جاپان کی حکومت اور عوام کی طرف سے زلزلے کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔جاپان کے سفیر نے کہا کہ جاپان قدرتی آفات میں ہر وقت پاکستان کی مدد کو تیارہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری