پیادہ روی اربعین حسینی کےسفرمیں درکار کچھ ضروری ہدایات


پیادہ روی اربعین حسینی کےسفرمیں درکار کچھ ضروری ہدایات

اربعین پر نجف الاشرف سے کربلا معلی پیادہ روی کرنے والے زائرین کی خدمت میں چند اہم گزارشات

تسنیم خبررساں ادارہ :  علی ابن میمون صائغ امام صادق علیہ السلام سے نقل کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: "اے علی، قبر حسین علیہ السلام کی زیارت کرو اور یہ عمل ترک نہ کرنا۔" میں نے عرض کیا: "امام حسین علیہ السلام کی زیارت کا ثوات کتنا ہے؟" آپ نے فرمایا: "جو بھی پیدل حسین علیہ السلام کی زیارت کرے گا خدا ہر قدم پر اس کیلئے ایک نیکی لکھ دے گا اور اس کا ایک گناہ بخش دے گا اور اس کا روحانی درجہ بڑھتا جائے گا؛ جب وہ زیارت کرے گا تو خداوند متعال دو فرشتوں کو اس کے ساتھ لگا دے گا جو اس کی نیکیاں لکھتے رہیں گے؛ جب وہ الوداع کر کے واپس جانے لگے گا تو وہ فرشتے اسے کہیں گے: اے ولی خدا، تیرے گناہ بخشے گئے اور تیرے شمار خدا، رسول خدا اور اہلبیت کے ساتھیوں میں ہوگیا ہے۔ خدا کی قسم تو ہر گز جہنم کی آگ نہیں دیکھے گا اور آگ تجھے نہیں دیکھے گی اور تجھے نہیں جلائے گی۔" (کامل الزیارات، صفحہ 134)۔

تحریر: غلام مرتضی جعفری

ان دنوں بہت سارے مومنین کرام کا موضوع سخن پیادہ روی اربعین حسینی ہے اور بہت سے زائرین تجربہ نہ ہونے کی وجہ سے سخت مشکلات سے دوچار ہوتے ہیں۔

جیسے کہ تمام مومنین اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ اربعین حسینی سے مراد امام حسین (ع) اور آپ (ع) کے اصحاب باوفا کی شہادت کا چالیسواں دن ہے جو ہر سال 20 صفر کو منایا جاتا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران اور عراق میں موجود مقامات مقدسہ کی زیارت کی غرض سے ان دونوں ملکوں کا سفر کرنے والے زائرین سے گزارش ہے کہ مندرجہ ذیل ہدایات پر ضرورعمل کریں:

1-         اپنے ملک کا پرچم اپنے ساتھ رکھیں جس کے بہت سارے فوائد ہیں من جملہ دنیا جان جائے گی کہ پاکستان میں شیعیان حیدر کرار کی کتنی بڑی تعداد موجود ہے اور ان لوگوں کی حوصلہ شکنی ہوگی جو پاکستان کو وہابی اکثریت ملک دکھانے کی کوشش کرتے ہیں؛

2-         کاروان کا کارڈ ساتھ رکھیں۔ کارڈ نہ ہونے کی صورت میں اپنے قافلہ سالار کا( پاکستان،ایران اورعراق) کا فون نمبر ضرور ساتھ رکھیں؛

3-         ہوٹل کا کارڈ ساتھ رکھنا مت بھولئیے؛

4-         اپنی ضروری ادویات ساتھ رکھیں؛

5-         موبائل ضرور ساتھ رکھیں اور ایران عراق میں بھی سم کارڈ خرید لیں تاکہ بوقت ضرورت کام آسکے؛

6-         غیر رجسٹرڈ قافلہ سالاروں کے ساتھ سفر کرنے سے اجتناب کریں؛

7-         ایران اور عراق کے قوانین پر سختی سے عمل کرنے کی کوشش کریں، خلاف ورزی کی صورت میں پریشانی سامنا کرنا پڑسکتا ہے؛

8-         سفر کے دوران پاسپورٹ اور پیسوں کا خاص خیال رکھیں؛ پاسپورٹ گم ہونے کی صورت میں پاکستانی سفارت یا قونصل خانے سے رجوع کریں؛

9-         اگر آپ کی اپنی بس ہے تو ہر شہر سے روانہ ہونے سے پہلے گاڑی فٹنس ضرور چک کروائیں؛

10-       اپنی بس کو صاف رکھیں ہر اسٹیشن پر گاڑی کی صفائی ضرور کریں؛ صاف رہنا آپ کی باوقار شخصیت کی علامت ہے؛

11-       تمام زائرین اس بات کا خیال رکھیں کہ عراقی اور خاص کر ایرانی ماحول میں شہر کی شاہراہوں پر چپل پہن کر گھومنا پسند نہیں کیا جاتا ہے؛ بند جوتے پہننے سے آپ کے پاؤں بھی محفوظ رہیں گے؛ بس رہائشگاہ پہنچ کر جرابیں دھونا مت بھولیےگا؛

12-       خواتین زائرین جرابیں لازمی پہنیں؛

13-       خواتین زائرین پاکستانی لباس کے اوپر عبایا اور بڑی چادر ضرور پہنیں؛

14-       شاہراہوں، گلی کوچوں میں زمین پر بیٹھنے سے اجتناب کریں؛

15-       کسی بھی شہر پہنچنے سے پہلے ہوٹل یا مسافر خانے کا بندوبست کروا لیں؛

16-       پاکستانی روپے کے بجائے اپنے ساتھ امریکی ڈالر رکھیں؛ اس سے آپ کو زیادہ فائدہ ہوگا؛

17-       سرحدوں پر بےپناہ رش اور بھیڑ کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے لہذا صبر اور حوصلے کے ساتھ ضعیف اور ناتواں زائرین کا خاص خیال رکھیں؛

18-       ایرانی اورعراقی سرحدی حکام سے خوش اسلوبی سے پیش آنے کی بھرپور کوشش کریں؛

19-       ایران اور عراق میں اپنے ساتھ گائیڈ اور مترجم رکھیں؛

20-       صفائی کا خاص خیال رکھیں؛ ہوٹل چھوڑنے سے پہلے برتن اور کمرہ صاف کریں۔ واضح رہے کہ ایران اور عراق میں اکثر ہوٹل مالکان پاکستانی زائرین کے بارے میں شکایات کرتے ہیں کہ وہ صفائی کا بالکل خیال نہیں رکھتے۔

 

نجف سے کربلا کے سفر کے لئے خصوصی ہدایات:

1-       اپنے ساتھ مفاتیح الجنان یا کوئی بھی دعاؤں کی کتاب ضرور رکھیں؛

2-       اپنے ساتھ سامان کم رکھیں، موبائل ساتھ رکھنا نہ بھولیں؛

3-       اپنے ساتھ سبز ہلالی پرچم ضرور رکھیں؛ اس سے پاکستان سمیت پوری دنیا کو ایک مثبت پیغام جائے گا؛

4-       راستے میں زیادہ کھانے سے اجتناب کریں؛

5-       اپنے ساتھیوں کا خیال رکھیں، کھمبہ نمبر یاد رکھیں، ایک دوسرے سے بچھڑنے کی صورت میں اگلے کھمبے پر انتظار کریں؛

6-       ہر دوگھنٹے پیادہ روی کے بعد 20 منٹ آرام کریں؛

7-       راستے میں زیادہ سے زیادہ پانی پینے کی کوشش کریں؛

8-       غیرمعیاری کھانوں سے اجتناب کریں؛

9-       کھانے کھانے سے پہلے اور بعد میں اپنے ہاتھوں کو صابن سے دھولیں؛

10-   ہرکاروان ایک خاص علامت قومی پرچم کے ساتھ رکھیں، تاکہ زائرین کو اپنا کاروان پہچاننے میں مدد مل سکے؛

11-   ذرائع کے مطابق سالہائے گزشتہ کی طرح امسال بھی تربیت یافتہ بھکاریوں کے کئی گروہ ایران اورعراق پہنچ چکے ہیں؛ بھیک مانگ کر قوم کی رسوائی کا سبب بنے والے افراد پر نظر رکھیں اور پولیس کو اطلاع دیں؛

12-   پاسپورٹ یا پیسے گم ہونے کی صورت میں غیرملکیوں سے مدد طلب کرنے کے بجائے اپنے شہریوں اور پاکستانی متعلقہ اداروں سے رجوع کریں؛

13-   صفائی کا خیال رکھیں خود اور اپنی بسوں کو صاف رکھیں۔

14- امام حسین علیہ السلام کے حرم کی طرف جب قدم بڑھائیں تو اسکی فضیلت اور ثواب پر غور کریں اور آقا امام زمان علیه السلام کے ظہورمیں تعجیل کے لئے دعا کرتے جائیں۔

15- اس سفر میں دنیا کے بہترین ذاکر اور خطیب مختلف موکب پر مجالس اور نوحہ خوانی کرینگے ان میں ضرور شرکت کریں.

16- سادگی اور ہر چیز میں حد اقل پر گزارہ کریں یاد رہے آپ سوگوار ہیں اور سوگوار کی توجہ سوگ پر ہوتی ہے بازار پر نہیں. البتہ تبرکات ضرور خریدیں لیکن بازاروں کے چکر نہ لگائیں.

 

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری