ہاں ناں کا کھیل ختم؛ مسلم لیگ ن کا مولانا فضل الرحمان کی آزادی مارچ میں شرکت کا فیصلہ


ہاں ناں کا کھیل ختم؛ مسلم لیگ ن کا مولانا فضل الرحمان کی آزادی مارچ میں شرکت کا فیصلہ

پاکستان مسلم لیگ ن نے شہباز شریف کی قیادت میں مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں شرکت کا فیصلہ کر لیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق مسلم لیگ ن گروپ نے لاہور میں ہونے والے ایک اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں شرکت کا فیصلہ کر لیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں شرکت کی حکمت عملی کے متعلق مسلم لیگ ن کے اجلاس میں صدر مسلم لیگ شہباز شریف کی زیر صدارت ماڈل ٹاؤن میں ہوا، جس میں احسن اقبال، مریم اورنگزیب، امیر مقام، شاہ محمد شاہ، عبدالقادر بلوچ، برجیس طاہر، پرویز ملک، حنیف عباسی اور دیگر شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے اجلاس میں نواز شریف کا خط پڑھ کر سُنایا جس میں پارٹی کو آزادی مارچ میں بھرپورشرکت کی ہدایت کی گئی تھی۔

اس حوالے سے شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کا حکم سر آنکھوں پر انہوں نے آزادی مارچ کی حمایت کی ہے تو ن لیگ اس مارچ میں شریک ہوگی۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ احسن اقبال اور سینیئر قائدین آزادی مارچ میں اسلام آباد پہنچنے والے قافلوں کی قیادت کریں گے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز اے این پی (عوامی نیشنل پارٹی) نے بھی آزادی مارچ میں شرکت کا اعلان کردیا ہے۔ جبکہ مولانا فضل الرحمن نے اسلام آباد میں 15 لاکھ افراد جمع کرنے کا دعوی کر رکھا ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری