افغانستان میں امریکی اتحادی افواج کی بمباری، درجنوں ہلاک یا زخمی


افغانستان میں امریکی اتحادی افواج کی بمباری، درجنوں ہلاک یا زخمی

امریکی اور افغان فوج کی مشترکہ کارروائی میں درجنوں افغان شہری ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، افغانستان کے 2 صوبوں میں امریکا اور افغان سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ فوجی کارروائی میں 80 افراد مارے گئے ہیں۔

امریکی حکام کا کہناہے کہ ہلاک یا زخمی ہونے والے تمام افراد طالبان جنگجو تھے۔

امریکی حکام کے مطابق افغانستان کے صوبے قندھار اور فریاب میں امریکی فضائیہ نے افغان انٹیلی جنس ادارے کی معاونت سے طالبان جنگجوؤں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 80 جنگجو مارے گئے۔

دوسری طرف افغان وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی آپریشن میں قندھار کے اضلاع معروف اور شاہ ولی میں 33 طالبان جنگجو ہلاک اور 8 زخمی ہوئے جب کہ 47 جنگجو فریاب میں مارے گئے۔

طالبان کے ترجمان قاری یوسف نے میڈیا کو بتایا کہ قندھار میں جنگجوؤں نے ایک کامیاب کارروائی میں امریکی فوج کی ایک گاڑی کو دھماکا خیز مواد سے اُڑایا ہے جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تمام امریکی اہلکار مارے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کو آخری مرحلے میں صدر ٹرمپ کی جانب سے اچانک بند کرنے کے بعد سے افغانستان میں صورت حال مزید کشیدہ ہو گئی ہے اور طالبان جنگجوؤں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کے سلسلے میں تیزی آگئی ہے۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری