حکومت 2 دن میں مستعفی ہو جائے گی، جے یوآئی / مولانا جلد واپس چلے جائیں گے، پی ٹی آئی


حکومت 2 دن میں مستعفی ہو جائے گی، جے یوآئی / مولانا جلد واپس چلے جائیں گے، پی ٹی آئی

جمیعت علمائے اسلام کے رہنماوں کا دعوی ہے کہ آزادی مارچ کے اسلام آباد داخل ہوتے ہی حکومت مستعفی ہو جائے گی جبکہ تحریک انصاف کا خیال ہے کہ مولانا اپنی مارچ سمیت جلد ہی واپس لوٹ جائیں گے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق مولانا کی مارچ پنجاب میں داخل ہو چکی ہے۔

اس حوالے سے ایک نجی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے جمیعت علمائے اسلام کے رہنما مولانا عطائے الرحمان کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ کے شروع ہوتے ہی حکومتی وزیروں کے پسینے چھوٹ گئے ہیں، ہمیں پلان بی اور سی پر عمل کرنے کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی کیوںکہ حکومتی ترجمانوں کی زبانیں لڑکھڑانا شروع ہوگئی ہیں۔

مولانا عطائے الرحمان نے کہا حکومتی وزیر اس قدر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں کہ 31 اکتوبر کا سیلاب اسلام آباد میں داخل ہوتے ہی مستعفی ہو جائیں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم کے قریبی ساتھی اور تحریک کے انصاف کے اہم رہنما جہانگیر ترین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا فی الحال اس بات کا معلوم نہیں کہ دھرنے والے کتنے روز رہیں گے لیکن اتنا ضرور ہے کہ وہ جلد واپس چلے جائینگے۔

یاد رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کا آزادی مارچ رات گئے ملتان پہنچ گیا۔ ملتان میں قیام کے بعد قافلہ آج لاہور روانہ ہوگا۔

اس حوالے سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ عوام کے قافلے میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اسلام آباد میں مشاورت سے اگلی حکمت عملی بنائیں گے۔

انہوں نے دوبارہ انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مارچ دیکھ کر حکومت حواس باختہ ہے جبکہ ہم پورے جوش و جذبے کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری