سعودی عرب میں موسلا دھار بارشوں نے 7 زندگیوں کے چراغ بجھا دئیے


سعودی عرب میں موسلا دھار بارشوں نے 7 زندگیوں کے چراغ بجھا دئیے

سعودی عرب میں تباہ کن بارشوں اور سیلاب کے باعث 7 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق سعودی عرب کے شمال مشرق میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں نے سیلابی صورت اختیار کرلی ہے۔

سیلابی ریلے نے شہری علاقوں میں داخل ہو کر تباہی مچا دی جس کے باعث نظام زندگی معطل اور مواصلاتی نظام منقطع ہوگیا۔

ریسکیو ادارے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بارشوں اور سیلاب کے دوران پیش آنے والے مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں سے 16 افراد کو بحفاظت نکالا گیا ہے۔

جبکہ زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کو طبی امداد پہنچائی جا رہی ہیں۔

خراب موسم اور طوفانی بارشوں کی وجہ سے حفر الباطن کے اسکول بند کر دئیے گئے ہیں۔

بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے سڑکیں سیلاب کا منظر پیش کررہی ہیں۔ گاڑیاں زیرآب ہیں اور گھروں میں پانی داخل ہوگیا ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں بھی سعودی عرب میں سیلاب کی وجہ سے 12 افراد جان بحق ہو گئے تھے۔

 

 

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری