بھارت اور سعودی عرب کے مابین ایک درجن سے زائد معاہدے


بھارت اور سعودی عرب کے مابین ایک درجن سے زائد معاہدے

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی دو روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ چکے ہیں اور ان کے اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان درجن سے زائد معاہدوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے 2 روزہ دورے کے دوران بھارت اور سعودی عرب کے درمیان 12 سے زائد معاہدے طے پائیں گے۔

ذرائع کے مطابق ان میں توانائی، دفاع، سول ایوی ایشن اور دیگر شعبوں کے معاہدے شامل ہوں گے۔

سرکاری دورے کے دوران وزیراعظم نریندر مودی سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود سے ملاقات بھی کریں گے اور سعودی عرب کے خودمختار ویلتھ فنڈ ’پبلک انویسٹمنٹ فنڈ‘ کے زیرانتظام ہونے والے ’فیوچر انویسٹمنٹ انشٹی ایٹو فورم‘ سے خطاب کریں گے۔

وزیراعظم مودی کے اس دورے کے متعلق بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا یہ دورہ تاریخی نوعیت کا ہوگا جو دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو سٹریٹجک راستے پر گامزن کر دے گا۔

امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس دورے کے دوران ’انڈیا سعودی عرب سٹریٹجک پارٹنرشپ کونسل‘ کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا، جس کی سربراہی بھارت کی طرف سے نریندر مودی اور سعودی عرب کے طرف سے شاہ سلمان کریں گے۔ یہ کونسل دونوں ممالک کی سٹریٹجک پارٹنرشپ کی باقاعدگی سے نگرانی کرے گی۔

یاد رہے کہ وزیراعظم مودی سعودی عرب کا یہ دورہ ایسے وقت میں کر رہے ہیں جب دنیا بھر میں موجود پاکستانی اور کشمیری یوم سیاہ کشمیر منا رہے ہیں، جس حوالے سے آج ایران کے دوسرے بڑے شہر مشہد مقدس میں پاکستانی کونسلیٹ کے زیر اہتمام یوم سیاہ کشمیر منایا جا رہا ہے۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری