شدید اسموگ: لاہوری بند گھروں میں بھی متاثر؛ تعلیمی ادارے بند


شدید اسموگ: لاہوری بند گھروں میں بھی متاثر؛ تعلیمی ادارے بند

لاہور کی فضا اس قدر اسموگ ہے کہ شہریوں کو بند گھروں تک میں آنکھوں کی شدید جلن اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور وزیر تعلیم پنجاب نے آج تعلیمی ادارے بند رکھنے کا حکم دے دیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور اور گرد و نواح پر شدید اسموگ نے حملہ کر دیا۔ گذشتہ شب اسموگ کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ شہریوں کو گھروں کے اندر بھی سانس لینے میں سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑا رہا تھا۔ تاہم کل رات کی بارش کے بعد اب صورت حال قدرے بہتر ہوئی ہے۔

وزیر تعلیم پنجاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ سموگ کے باعث آج لاہور کے تمام سرکاری اور نجی سکول بند رہیں گے۔

اسکولوں نے والدین کو ہدایت کر دی ہے کہ بچوں کو ماسک پہنا کر اسکول بھیجیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں جوہرٹاؤن، فیصل ٹاؤن اور واپڈاٹاؤن کے گردو نواح میں شدید سموگ چھائی رہی۔ اس کے علاوہ گلبرگ، گرین ٹاؤن، مال روڈ اورجیل روڈ، لکشمی چوک، گڑھی شاہو، کینال روڈ سمیت دیگر علاقوں میں سموگ کا راج رہا۔ سموگ کے باعث شہریوں کی آنکھوں میں جلن اور گلے میں خراش کی اذیت سے دو چار ہیں۔

طبی ماہرین نے کہا ہے کہ شہری بغیر ضرورت گھروں سے نہ نکلیں اور اگر باہر جانا ضروری ہو تو چہرے کو کسی گیلے کپڑے یا ماسک سے ڈھک لیں تاکہ سموگ کے مضر اثرات سے بچا جا سکے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ پانی اور گرم چائے کا استعمال سموگ کے اثرات کم کرنے میں فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ گھر آنے کے بعد اپنےہاتھ، چہرے اور جسم کے کھلے حصوں کو صابن سے دھوئیں۔ کھڑکیوں اور دروازوں کے کھلے حصوں پر گیلا کپڑا یا تولیہ رکھیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور اور گرد و نواح میں سموگ میں اچانک اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ ماحولیات، انتظامیہ اورمتعلقہ ادارے سموگ کے حوالے سے ہمہ وقت چوکس رہیں، سموگ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے لئے عوام میں شعور بیدار کرنے کے لئے موثر آگاہی مہم چلائی جائے۔

خیال رہے کہ سموگ ایک ہوائی آلودگی ہے جو دیکھنے کی صلاحیت کو محدود کر دیتی ہے۔ اس آلودگی کی وجہ سے سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ آنکھوں اور گلے میں بھی جلن کا احساس ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے اس اسموگ کی وجہ بھارت میں جلنے والی فصلوں کو قرار دیا ہے۔ 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری