کشمیر کے حوالے سے وفاقی وزیر کا بیان / قوم ذہنی اذیت کا شکار


کشمیر کے حوالے سے وفاقی وزیر کا بیان / قوم ذہنی اذیت کا شکار

قوم کو ذہنی طور پر کشمیر سے متعلق "شدید نقصان" کے لئے تیار رہنے والے فواد چوہدری کے پیغام نے قوم کو شدید ذہنی اذیت کا شکار کر رکھا ہے جبکہ ان کی جانب سے اس بیان کی تفصیل بھی سامنے نہیں آرہی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے گذشتہ روز اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا تھا کہ ہماری اندرونی سیاسی سازشیں جس طرح کشمیریوں کی حالت زار سے ہماری توجہ ہٹائے ہوئے ہے، اس کے شدید نقصان کے لئے تیار رہیں۔

اگرچہ کشمیر یا دھرنے کا براہ راست تعلق سائنس وٹیکنالوجی  سے نہیں بنتا، تاہم ایک وفاقی وزیر کی جانب سے کشمیر جیسے سنجیدہ اور حساس موضوع پر ایسے لرزہ خیز بیان پر قوم ہل کر رہ گئی ہے۔

واضح رہے کہ ان کا کہنا تھا کہ اندرونی سیاسی سازشوں کے باعث کشمیر سے متعلق شدید نقصان کیلئے تیار رہیں تاہم اپنے کسی بیان میں انہوں نے اس "شدید نقصان" پر روشنی نہیں ڈالی۔

خیال رہے کہ کشمیر کے حوالے سے "شدید نقصان" کی پیشنگوئی ابھی تک صرف وفاقی وزیر نے کی ہے۔ وزیراعظم یا آرمی چیف نے ابھی تک ایسی کسی خبر کے لئے قوم کو اعتماد میں نہیں لیا ہے۔

بہرحال فواد چوہدری کے اس پیغام سے عوام میں ہلچل پچی ہوئی ہے۔ سماجی حلقے فواد چودھری سے ان کے بیان کی تفصیل جاننے کا مطالبہ کر رہے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے "شدید نقصان" سے ان کی کیا مراد ہے جس کے لئے وہ عوام کو ذہنی طور پر تیار کر رہے ہیں؟ تاہم ان کی جانب سے تاحال مکمل خاموشی ہے جو 70 سال سے آنکھوں میں کشمیر کی آزادی کا خواب سجائے ہوئے پاکستانی قوم کے لئے شدید ذہنی اذیت کا باعث ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری