مولانا کی مارچ کو امام کعبہ کی "علامتی" حمایت / تحفہ بھجوا دیا


مولانا کی مارچ کو امام کعبہ کی "علامتی" حمایت / تحفہ بھجوا دیا

امام کعبہ نے جمعیت علمااسلام (ف) کی ذیلی تنظیم انصارالاسلام کے رضاکاروں کے لیے تحفے کے طور پر غلاف کعبہ کا ایک حصہ بھجوایا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق مولانا فضل الرحمن کی  آزادی مارچ پر تنقید اور حمایت کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے اندرون و بیرون ملک سے مختلف بیانات سامنے آرہے ہیں۔ تاہم تازہ واقعہ میں مولانا کی حمایت کا ایک خاموش بیان سامنے آیا ہے۔

جمعیت علمااسلام (ف) کی ذیلی تنظیم انصارالاسلام کے رضاکاروں کے لیے امام کعبہ نے غلاف کعبہ کا ایک حصہ بھجوایا ہے۔

انصارالاسلام کے رضاکاروں کے لیے تحفہ امام کعبہ فضیلت الشیخ عبد الرحمٰن السدیس کی جانب سے جمعیت علمااسلام سعودی عرب کے رہنما عبدالسبحان کے توسط سے بھیجا گیا ہے۔

امام کعبہ کی جانب سے بھیجے گئے غلاف کعبہ کے حصے کی انصارالاسلام کے رضاکاروں نے آزادی مارچ دھرنے میں شریک لوگوں کو زیارت بھی کروائی۔

یاد رہے کہ یہ مقدس تحفہ ایک ایسے وقت میں بھیجا گیا ہے جب جمعیت علمااسلام کی جانب سے اس کی ذیلی تنظیم انصارالاسلام کی سیکیورٹی میں حکومت کے خلاف دھرنا جاری ہے۔

واضح رہے کہ حکومت مولانا کا وزیراعظم کے استعفی کے علاوہ ہر آئینی مطالبہ تسلیم کرنے کا اعلان کر چکی ہے تاہم جمعیت علمااسلام کا مطالبہ ہے کہ وہ وزیراعظم کے استعفی سے کم پر ہرگز راضی نہ ہوں گے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری