ٹماٹر کی قیمت بےقابو / ایران سے درآمد کرنے کا فیصلہ


ٹماٹر کی قیمت بےقابو / ایران سے درآمد کرنے کا فیصلہ

مقامی مارکٹ میں ٹماٹر کی قیمت بےقابو ہونے پر پاکستان نے ایران سے ٹماٹر درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق ایک ماہ سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے بعد حکومت نے مقامی مارکیٹوں میں سبزیوں کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے کو قابو کرنے کے لیے ایران سے ٹماٹر درآمد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ خراب موسم کے باعث اکتوبر کے آغاز سے ملک بھر میں ٹماٹروں کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا ہوئی اور رسد کی شرح گرنے کی وجہ سے روزمرہ کے استعمال ہونے والے یس پھل کی قیمت میں کئی گنا اضافہ ہو گیا۔

پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق اس وقت ملک میں  ٹماٹر کی اوسطاً قیمت 180 روپے فی کلو ہے جبکہ بعض شہروں میں یہ 300 روپے فی کلو تک فروخت ہورہا ہے۔

اس حوالے سے وفاقی سیکریٹری برائے تحفظ خوراک محمد ہاشم پوپلزئی نے میڈیا کو بتایا کہ ہم ایران سے ٹماٹر درآمد کرنے کی اجازت دینے پر غور کریں گے، اس سلسلے میں کچھ درآمد کنندگان کے ساتھ ملاقات کر کے ہم اس کا فیصلہ کریں گے۔

اندازے کے مطابق سندھ سے ٹماٹروں کی نئی فصل 2 سے 3 ہفتوں میں منڈیوں تک پہنچ جائے گی اس دوران ایران سے حاصل ہونے والی درآمدات کسی حد تک اس خلا کو پر کرنے میں مدد دے گی۔

دوسری جانب ٹماٹر کی فی کلو قیمت 400 روپے تک پہنچنے پر پنجاب اسمبلی میں قرارداد مسلم لیگ ن کی رکن سمیرا کومل کی جانب سے جمع کرائی گئی۔

قرارداد میں کہا گیا کہ ٹماٹر کی قیمت ایک بار پھر آسمان سے باتیں کرنے لگی ہے ،غریب اور متوسط طبقہ ٹماٹر خریدنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ ٹماٹر کے سرکاری نرخ 185 روپے فی کلو مقرر ہیں لیکن عام مارکیٹ میں ٹماٹر 400 روپےفی کلو میں بیچا جا رہا ہے، لوگ ٹماٹر خریدے بغیر واپس لوٹ جاتے ہیں۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں اورمارکیٹ کمیٹیاں سرکاری ریٹس پر عملدرآمد کرائیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے ایک چینل کے نمائندے کو ٹماٹر کی مہنگائی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ ٹماٹر تو سترہ روپے کلو میں مل رہا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ کے اس تبصرے پر مہنگائی کی چکی میں پستی ہوئی عوام سر پیٹ کر رہ گئی۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری