قرآن پاک کی بےحرمتی؛ پاکستان بھر میں احتجاج / ناروے کے سفیر وزارت خارجہ طلب


قرآن پاک کی بےحرمتی؛ پاکستان بھر میں احتجاج / ناروے کے سفیر وزارت خارجہ طلب

ناروے میں قرآن پاک کی بےحرمتی کے افسوسناک واقعے پر ایک طرف ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جبکہ دوسری جانب ناروے کے سفیر کو وزارت خارجہ طلب کر لیا گیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق ناروے میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے واقعے کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور صوبائی و ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر ہونے والے مظاہروں میں جماعت اسلامی کے کارکنوں سمیت عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مظاہرین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مغرب اور یورپ میں قرآن پاک کی بےحرمتی جیسے واقعات کو روکنے کیلئے احترام مذاہب کے موثر قوانین بنائے جائیں تاکہ عالمی امن کو فروغ دیا جاسکے۔

احتجاجی مظاہرے سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان عبد الغفار عزیز، ذکر اللہ مجاہد اور چوہدری عبد الواحد نے بھی خطاب کیا۔

اسی طرح مذہبی امور اوربین المذاہب ہم آہنگی کے وزیر نورالحق قادری نے ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار کے نام پر مذہب کی بے حرمتی قابل مذمت ہے ۔انہوں نے کہاکہ مغربی ممالک کو ایسی شرمناک کارروائیوں کی روک تھام کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔

دوسری جانب قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاج رکارڈ کرانے کے لیے اسلام آباد میں تعینات ناروے کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ناروے کے سفیر پر واضع کر دیا ہے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی پر پاکستان کی حکومت اور عوام کو شدید تشویش ہے۔ پاکستان ناروے کے شہر میں ہونے والی بے حرمتی کی واقعہ کی مذمت کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایسے واقعات ایک ارب تیس کروڑ مسلمانوں کے جذبات کو مجروع کرتے ہیں۔ پاکستان ناروے حکومت سے ذمہ داروں کوکٹہرےمیں لانےکامطالبہ کرتا ہے۔ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

خیال رہے کہ ناروے کے شہر کرستیان میں ایک اسلام مخالف شخص نے بھرے مجمع کے سامنے قرآن کریم کو نذر آتش کردیا تھا۔ الیاس نامی مسلم نوجوان قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے شخص سے الجھ پڑا۔ پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے الیاس اور قرآن کریم کی بے حرمتی کرنے والے شخص، دونوں کو گرفتار کرلیا تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ناروے میں قرآن پاک کو بے حرمتی سے روکنے والے نوجوان الیاس  کی بہادری کو سراہتے ہوئے ان کو سلام پیش کیا ہے۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری