بھارت کے دنیا میں تنہا ہونے کا خطرہ ہے، شیوسینا


بھارت کے دنیا میں تنہا ہونے کا خطرہ ہے، شیوسینا

ہندو انتہا پسند اور بھارتی جنتا پارٹی کی اتحادی جماعت شیوسینا نے حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے دنیا میں تنہا ہونے کا خطرہ ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم نیوز کے مطابق، بھارتیہ جنتا پارٹی کی اتحادی جماعت شیوسینا بھی مودی حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرنے لگی ہے۔

ایکسپریس نیوز نے اطلاع دی ہے کہ ہندو انتہا پسند جماعت شیوسینا نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے دنیا میں تنہا ہونے کا خطرہ ہے۔

بی جے پی کی اتحادی شیوسینا نے جریدے سامانا کے اداریئے میں بھارتی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے مودی کی انتخابی مہم کا حوالہ دیا ہے کہ مودی نے کہا تھا کہ 56 انچ سینہ ملک کے مسائل حل کرسکتا ہے جب کہ اب وزیراعظم نوازشریف ان کو 56 انچ کا سینہ دکھا رہے ہیں۔

شیوسینا کی جانب سے کہا گیا کہ اڑی حملے کے معاملے پر دنیا کا کوئی ملک بھارت کے ساتھ نہیں ہے۔

نہ تو چین نے اڑی حملے کی مذمت کی اور نہ ہی 1971ء میں بھارت کا ساتھ دینے والے روس نے پاکستان کے ساتھ جنگی مشقیں منسوخ کیں۔

شیوسینا کی جانب سے بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان کوتنہا کرنے کی سازشیں لاحاصل ہور ہی ہیں، اس کے برعکس بھارت کے دنیا میں تنہا ہونے کا خطرہ ہے۔

شیوسینا نے مزید کہا کہ مسلم ممالک پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انڈونیشیا اور بھارت کی پرانی دوستی کے باوجود انڈونیشیا پاکستان کو دفاعی ہتھیاروں کی پیشکش کررہا ہے جب کہ نیپال بھی پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری