پاکستان دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے افغانستان سے بامقصد بات چیت کا خواہاں


پاکستان دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے افغانستان سے بامقصد بات چیت کا خواہاں

مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے عفریت سے نمٹنے کیلئے افغانستان سے بامقصد بات چیت چاہتا ہے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق، مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے گزشتہ روز دفتر خارجہ میں افغانستان کیلئے یورپین یونین کے خصوصی نمائندے فرانز مائیکل ملبین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: پاکستان دہشت گردی کے عفریت سے نمٹنے کیلئے افغانستان سے بامقصد بات چیت چاہتا ہے۔

سرتاج عزیز نے انسداد دہشت گردی اور ملک میں اقتصادی ترقی کیلئے پاکستان کی حالیہ کامیابیوں کے بارے میں یورپین یونین کے نمائندے کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔

فرانز مائیکل ملبین نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ بین الاقوامی برادری افغانستان میں امن، تعمیر نو اور ترقی کیلئے اعانت جاری رکھے گی جس کا اظہار برسلز کانفرنس کے دوران کیا گیا تھا۔ پاکستان اور یورپین یونین نے افغانستان میں افغانوں کی قیادت میں امن کے عمل کیلئے دیرپا کوششوں پر اتفاق کیا۔

یاد رہے کہ وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے چند روز قبل یہ بیان دیا تھا کہ طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کے حوالے سے افغان حکومت خود تذبذب کا شکار ہے اور افغان حکومت کا یہی طرز عمل افغان حکومت اور طالبان کے درمیان بین الاقوامی حمایت یافتہ امن مذاکرات کے آغاز میں رکاوٹ ہے۔

سرتاج عزیز نے یہ بھی وضاحت کی تھی کہ افغان دشمن باغیوں پر پاکستان میں زمین تنگ کردی گئی ہے اور جو بھی پاکستان میں چھپے ہوئے تھے وہ واپس افغانستان جاچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اس امر کی بارہا افغان صدر اشرف غنی کو اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری