نواز شریف کا ریاض جانا سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر بننے کی ناکام کوشش تھی، اعتزاز احسن


نواز شریف کا ریاض جانا سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر بننے کی ناکام کوشش تھی، اعتزاز احسن

پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے وزیر اعظم کی جانب سے قطر سعودی تنازعہ کے درمیان ثالثی کے کردار پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ نواز شریف سعودی عرب اور قطر کے ممنون حسین ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ شریف خاندان کے پاس بچنے کا کوئی راستہ نہیں ہے، نواز شریف بند کمرے میں پھنس گئے ہیں، اب ان کو دیوار توڑ کر نکلنا پڑے گا، نواز شریف نے بچنے کے لیے تین منصوبے بنائے ہیں جن میں سے ایک یہ ہے کہ دستاویزات میں ردوبدل اور جے آئی ٹی ممبران خرید کر فیصلہ اپنے حق میں لے لیں یا پھر سپریم کورٹ بنچ کو متنازع کرکے فیصلہ اپنے حق میں لیں اور تیسرا پلان یہ ہے کہ 1998ء کی طرح اپنے گلوں بٹوں کو سپریم کورٹ لے جا کر ہنگامہ آرائی کریں۔

قطر بحران پر وزیر اعظم کی جانب سے ثالثی کا کردار ادا کرنے سے متعلق اعتزاز احسن نے کہا کہ نواز شریف سعودی عرب اور قطر کے ممنون حسین ہیں، انہوں نے ریاض جاکر سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر بننے کی ناکام کوشش کی۔ سعودی عرب نے نواز شریف سے براہ راست سوال کیا کہ وہ کس کے ساتھ ہیں، شاہ سلمان نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پناہ، پیسے اور تیل ہم سے لیتے ہو اور بات قطر کی کرتے ہو۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری