سعودی اتحاد؛ دہشتگردی کیخلاف لڑنے والے حقیقی ممالک کو نظرانداز نہ کیا جائے


سعودی اتحاد؛ دہشتگردی کیخلاف لڑنے والے حقیقی ممالک کو نظرانداز نہ کیا جائے

رہنما آل پاکستان مسلم لیگ کا اس بیان کیساتھ کہ عالم اسلام کی جانب سے قدس معاملے پر جو جذبہ اور شدت دکھائی جانی چاہیے تھی وہ نہیں ہے، کہنا تھا کہ اتحاد ضرور ہونا چاہیے، تاہم دہشت گردی کے خلاف لڑنے والے حقیقی ممالک کو نظر انداز نہ کیا جائے۔

رہنما آل پاکستان مسلم لیگ بریگیڈیئر (ر) محمد اسلم خان کا تسنیم نیوز کے ساتھ خصوصی انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ اتحاد ضرور ہونا چاہیے، تاہم دہشت گردی کے خلاف لڑنے والے حقیقی ممالک کو نظر انداز نہ کیا جائے، کوشش ہو رہی ہے کہ مسلمانوں کے درمیان نفرت کا بیج بویا جائے، او آئی سی اپنا کردار ادا کرے، بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ قرار دینے کے خلاف پوری دنیا کے مسلمان سراپا احتجاج ہیں، پاکستان نے بھی اس سلسلے میں احتجاج کیا ہے، تاہم جو جذبہ اور شدت اس مسئلے پر دکھائی جانی چاہیے تھی وہ نہیں ہے۔ امریکیوں اور اسرائیلیوں کو واضح پیغام دینا چاہیے کہ اس غلط اقدام کا انہیں خمیازہ بھگتنا پڑیگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک ایران عوام ایک دوسرے کو دل و جان سے چاہتے ہیں، پاکستان کو سب  سے پہلے ایران نے تسلیم کیا تھا، دونوں ممالک کے مابین تعلقات کی بہتری ترجیح ہونی چاہیے، اسی سلسلہ میں گزشتہ دنوں ہمارے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے ایران کا دورہ کیا۔ اسی طرح عوامی سطح پر بھی رابطوں کو بڑھایا جائے۔ پاک ایران گیس پائپ لائن ایک اہم منصوبہ تھا، جس سے نو سو ساٹھ میگا واٹ بجلی پیدا کی جانی تھی، اس گیس کے پاکستان میں آنے سے توانائی کی کمی پر قابو پایا جا سکتا تھا۔

پاکستان میں جاری ایرانی فلم فیسٹیول بارے بات کرتے ہوئے بریگیڈیئر (ر) محمد اسلم خان نے کہا کہ ایرانی فلموں کا پاکستان میں آنا قابل تحسین ہے، ایرانی فلمیں ہماری ثقافت سے ہم آہنگ ہیں، ایرانی فلمیں اور ڈرامے ہمارے معاشرے کے لئے انتہائی سود مند ہیں، لوگوں سے کہونگا کہ زیادہ سے زیادہ ان فلموں سے مستفید ہوں۔

اہم ترین انٹرویو خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری