ایران، پاکستان کے ساتھ بینکنگ کے شعبے میں تعلقات کی توسیع چاہتا ہے، ظریف


ایران، پاکستان کے ساتھ بینکنگ کے شعبے میں تعلقات کی توسیع چاہتا ہے، ظریف

پاکستان میں موجود ایران کے وزیر خارجہ نے تہران اور اسلام آباد کے درمیان بینکنگ کے شعبے میں تعلقات کی توسیع پر تاکید کی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف  نے دورہ پاکستان کے موقع پراسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایران، پاکستان کے ساتھ بینکنگ کے شعبے میں تعلقات کی توسیع چاہتا ہے اور ہم دونوں ممالک کے درمیان ترجیحی اور آزادانہ تجارت کے خواہاں ہیں۔ 

پاک ایران سیاسی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محمد جواد ظریف نے کہا کہ پاکستان ہمارا اہم ہمسایہ ملک ہے اور دونوں ممالک کے درمیان غیرمعمولی تعلقات قائم ہیں۔

ایران کے وزیر خارجہ کے اس دورے کا مقصد دونوں برادر ملکوں کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ اس دورے میں اپنے پاکستانی ہم منصب کے علاوہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیر داخلہ احسن اقبال کے ساتھ بھی الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کل رات ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری