عدلیہ پر شدید تنقید کے بعد؛ نواز شریف: اداروں کی عزت کرنے والا شخص ہوں


عدلیہ پر شدید تنقید کے بعد؛ نواز شریف: اداروں کی عزت کرنے والا شخص ہوں

دیگر اداروں کے علاوہ حال ہی میں عدلیہ پر شدید تنقید کرنے کے باوجود سابق وزیراعظم پاکستان کا کہنا ہے کہ "اداروں کی عزت کرنے والا شخص ہوں۔"

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ اداروں کی عزت کرنے والا شخص ہوں۔ میرے مقابلے میں دوسرے فیصلے آئے وہ بھی سب کے سامنے ہیں۔ دہرا معیار نہیں ہونا چاہیئے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف نے عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اداروں کی عزت کرنے والا شخص ہوں۔ میرے خلاف جو فیصلہ آیا وہ میری اور قوم کی نظر میں ٹھیک نہیں۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ بلیک لا ڈکشنری کا سہارا لے کر فیصلہ لکھا گیا۔ لاہور ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست پر فل بنچ بنا دیا گیا۔ عمران خان خود میرے خلاف فیصلے کو کمزور قرار دے چکے ہیں۔ ’عدالتوں کے اندر اور باہر آوازیں اٹھنا شروع ہوگئی ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے جج کے ریمارکس سب کے سامنے ہیں۔ ’جسٹس صاحب نے کہا کیس پاناما کا تھا اور نااہلی اقامہ پر ہوئی۔ کمزور فیصلے پر بات ہوسکتی ہے‘۔

نواز شریف نے کہا کہ میرے مقابلے میں دوسرے فیصلے آئے وہ بھی سب کے سامنے ہیں۔ عمران خان نے اقبال جرم کیا مگر پھر بھی صادق اور امین ٹھہرے۔ ’عمران خان غلطی تسلیم کر رہے تھے مگر عدالت نے کہا اس طرف نہ جائیں۔ سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین کو نا اہل کیا لیکن کوئی جے آئی ٹی نہیں بنائی‘۔

انہوں نے کہا کہ دہرا معیار نہیں ہونا چاہیئے۔ جنہوں نے اقامے پر نکالا انہوں نے نیب ریفرنسز بھی بنا کر بھیجے۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ جو سب پر باتیں کر رہے تھے ان کا اپنا کیس سامنے آگیا۔ شیخ رشید کی جانب سے کروڑوں کی زمین چھپائی گئی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری