پاکستان ویمنز ٹیم نے سری لنکا کے خلاف سیریز جیت لی


پاکستان ویمنز ٹیم نے سری لنکا کے خلاف سیریز جیت لی

کپتان بسمہ معروف کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان ویمنز ٹیم نے سری لنکا کو دوسرے ون ڈے میچ میں با آسانی 94 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق جمعرات کو دمبولا میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان ویمنز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 250 رنز بنائے۔

کپتان بسمہ معروف نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 89 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہیں جبکہ دیگر بلے بازوں میں ناہیدہ خان 29، منیبہ علی 31، جویریہ خان 16، سدرہ امین 2 اور ندا ڈار 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، ثنا میر 27 اورنتالیا پرویز 5 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔

جواب میں سری لنکن ویمنز ٹیم ہدف کے تعاقب میں 37 اوورز میں 156 رنز پر ڈھیر ہو گئی، ویرا کوڈی نے ناقابل شکست 29 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان چماری اتاپتو اور سروجیکا کماری 24، 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔

پاکستان کی جانب سے ثنا میر نے 4 اور ندا ڈار نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری