مقبوضہ کشمیر میں یوم پاکستان | فضا پاکستانی قومی ترانے سے معطر

مقبوضہ کشمیر میں یوم پاکستان | فضا پاکستانی قومی ترانے سے معطر

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں تمام تر پابندیوں کے باوجود یوم پاکستان منایا گیا اور کشمیریوں کی جانب سے پاکستان کا قومی پرچم لہرایا گیا اور قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق سری نگر میں دختران ملت تنظیم کے تحت یوم پاکستان شایان شان طریقے سے منایا گیا اور اس حوالے سے ایک تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا۔

تقریب کے دوران دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور ان کے ساتھ دیگر خواتین نے پاکستان کا قومی ترانہ بھی پڑھا اور پاکستان سے محبت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر آسیہ اندرابی کا کہنا تھا کہ اسلام، ایمان اور قرآن کی بنیاد پر اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کی بنیاد پر بر صغیر میں رہنے والے تمام مسلمان پاکستانی ہیں۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ اس تقریب میں آسیہ اندرانی نے دو قومی نظریہ کے حوالے سے بات چیت کی اور پاکستان سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے ’ کشمیر بنے گا پاکستان‘ کے نعرے بھی لگائے۔

خیال رہے کہ 23 مارچ کا دن پاکستان میں قومی دن کے طور پر منایا جاتا ہے کیونکہ آج سے 77 سال قبل 1940ء کو اس دن لاہور کے منٹوپارک میں مسلم لیگ کے اجتماع میں تاریخی قرارداد پاکستان کی منظوری دی گئی جس کی وجہ سے جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کیلئے ایک الگ وطن کے قیام کی راہ ہموار ہوئی تھی۔

علاوہ ازیں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماؤں غلام نبی سمجھی، بلال صدیقی اور کشمیر کے مفتی اعظم مفتی بشیر الدین فاروقی اور دیگر رہنماؤں نے یوم پاکستان کے حوالے سے پیغام میں پاکستان کو اس قومی دن کی مبارک باد دی اور دعا کہ ملک میں امن، استحکام اور سلامتی ہو۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری