مودی کا بیان بلوچستان میں را کی موجودگی کا زندہ ثبوت ہے، سرتاج عزیز


مودی کا بیان بلوچستان میں را کی موجودگی کا زندہ ثبوت ہے، سرتاج عزیز

مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے اپنے بیان میں بلوچستان کا ذکر کرکے اس صوبے میں را کی موجودگی کے بارے میں ہمارے مؤقف کی تائید کی ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق، مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے قومی اسمبلی میں اپنے بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کے لیے غیر مسلح تحریک چل رہی ہے جسے دہشت گردی سے نہیں جوڑا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو تسلیم کرنا ہوگا کہ مسئلہ کشمیر اس علاقے کے لوگوں کو گولیوں سے مارنے سے حل نہیں ہوسکتا بلکہ اس کا واحد حل پاک - بھارت سنجیدہ مذکرات ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق، سرتاج عزیز نے مزید کہا کہ بھارتی فوج مظالم کے ذریعے کشمیری عوام کی آواز دبانے کے لیے مصروف ہے۔ 37  روز سے مکمل کرفیو نافذ کرنے کے ساتھ ساتھ میڈیا بلیک آؤٹ بھی جاری ہے۔

خیال رہے کہ خطے میں قیام امن کی عملی کوشش کے طور پر پاکستان نے بھارت کو مسئلہ کشمیر پر با ضابطہ دعوت دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق، سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے اپنے بھارتی ہم منصب ایس جے شنکر کو لکھے گئے خط میں انہیں دورہ پاکستان اور مسئلہ کشمیر پر با مقصد مذاکرات کی  با ضابطہ دعوت دی ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری