ترک سرمایہ کاروں کا پاکستان میں سرمایہ کاری کا عندیہ


ترک سرمایہ کاروں کا پاکستان میں سرمایہ کاری کا عندیہ

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے اپنے خطاب میں ترک وفد نے پاکستان کو سرمایہ کاری کے لئے نہایت موزوں ملک قرار دیا ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، ترک صوبہ بسرا کے تجارتی وفد نے شہر آئنگل کے ڈپٹی مئیر ترگے یل کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق حوصلہ افزا خیالات کا اظہار کیا۔

روزنامہ دی نیشن کے مطابق، وفد میں کیمیکل، فرنیچر، سرامکس، اسٹیل اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے صنعتکار اور تاجر بھی موجود تھے۔

ڈپٹی مئیر ترگے یل نے اپنے خطاب میں پاکستان کو سرمایہ کاری کے لئے نہایت موزوں ملک قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر ان کو احساس ہوا ہے کہ یہاں ترکی کے سرمایہ کاروں کے لئے کاروبار کرنے کا سنہری موقع موجود ہے۔

انہیوں نے بتایا کہ ماضی قریب میں ہی کم و بیش 500 ترک تاجر پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں جبکہ آنے والے دنوں میں مزید ترک تاجر پاکستان کا رخ کریں گے۔

انہوں نے پاک ترک دوستی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس مضبوط  دوستی کو کاروباری شراکت سے مزید تقویت دینے کا وقت آ گیا ہے۔

انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے درخواست کی کہ وہ بھی اپنا ایک وفد ترکی بھیجیں۔

پاکستانی صنعتکاروں کے وفد کے ترک دورہ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے دوروں کے باہمی تبادلوں پر یقینا تجارت کے مزید مواقع پیدا ہونگے۔

اپنے استقبالیہ خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عاطف اکرام نے کہا کہ پاکستان اور ترکی مضبوط تجارتی تعاون کی صلاحیتیں رکھنے کے باوجود باہمی تجارتی مواقع سے پوری طرح فائدہ نہیں اٹھا رہے۔

انہوں نے بتایا کہ 2011ء میں پاک ترک باہمی تجارت 1 ارب امریکی ڈالر تھی جو گذشتہ سال 2015ء میں گٹھ کر تقریبا 60 کروڑ امریکی ڈالر تک آ گئی ہے جو دونوں ممالک کے لئے لمحہ فکریہ ہونا چاہئے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ترکی کے لئے توانائی، سیاحت، انفارمیشن ٹیکنولوجی، فوڈ پراسسنگ، زراعت، فرنیچر، ہوٹل صنعت کے ساتھ ساتھ دیگر بہت سے شعبوں کی تعمیر و ترقی میں سرمایہ کاری کے سنہری مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ترک صنعت کاروں اور تاجروں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے میں ہر ممکن مدد کرنے کے لئے تیار ہے۔

یاد رہے کہ اپنے حالیہ دورہ ترکی میں شہباز شریف نے ترک وزیراعظم یلدرم سے ملاقات کی اور ان کو پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا تھا کہ ترک سرمایہ کاروں کےلئےنادر موقع ہےکہ وہ پاکستان خصوصا پنجاب میں سرمایہ کاری کریں۔

اپنے بیان میں انہوں نے غیرملکی سرمایہ کاروں کو دی جانے والی خصوصی مراعات اور سہولتوں کا بھی ذکر کیا تھا۔

انہوں نے ترک اعلی حکام کو یقین دلایا کہ 2017ء کے آخر تک بڑی حدتک توانائی بحران پرقابو پالیاجائےگا۔

ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج کا پاکستان ماضی کے پاکستان سے کہیں محفوظ، پرامن اور سرمایہ کاری کے لئے نہایت موزوں  ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری