سی پیک منصوبے میں گلگت بلتستان کے عوام اسٹیک ہولڈر


سی پیک منصوبے میں گلگت بلتستان کے عوام اسٹیک ہولڈر

فورس کمانڈر ناردرن ایریاز میجرجنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان، پاکستان اور چین کو ملاتا ہے اسی وجہ سے سی پیک منصوبے میں گلگت بلتستان کے عوام اسٹیک ہولڈر ہیں۔

خبررساں ادارے تسنیم نے ''ڈیلی کے ٹو'' کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام سیمنار سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے میجرجنرل سید عاصم منیر نے کہا: سی پیک منصوبے سے سب سے زیادہ فائدہ گلگت بلتستان کے عوام کو ہوگا اس میں کسی کو شک و شبہ نہیں ہونا چاہئے کہ سی پیک گلگت بلتستان کے لوگوں کےلئے خوشحالی لے کر آئےگا۔

انہوں نے علاقے کے امن و امان کی صورتحال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تین سال قبل گلگت شہر میں نو گو ایریاز بنے ہوئے تھے اور امن و امان کی صورتحال نہایت ابتر تھی جس کی وجہ سے غیر ملکی سیاح گلگت بلتستان آنے سے گھبراتے تھے اور خطے کے سیاحت سے وابستہ لوگ بے روزگار ہوگئے تھے۔

رواں برس قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں کی وجہ سے علاقے میں مثالی امن قائم ہوا جس کے نتیجے میں 73 غیر ملکی کوہ پیماہ گروپ گلگت بلتستان آئے اور خطے میں سیاحت کی رونقیں پھر سے بحال ہوگئیں۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف کارروائی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: قانون نافذ کرنے والے ادارے داریل تانگیر میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں مصروف ہیں۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلی جنس اداروں اور صوبائی حکومت کے آپس کے تعاون کی وجہ سے جی بی میں امن آیا ہے اور اسی تعاون کی وجہ سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ویژن کے مطابق نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کیا گیا ہے۔

انہوں نے خطے میں عدم برداشت اور فرقہ واریت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ واریت پھیلانے والے افراد در اصل دشمن کے آلہ کار ہیں کیونکہ دشمن ہماری دفاعی صلاحیتوں سے آگاہ ہے سرحدوں سے حملہ کرنے کی جرات نہیں کرتا اس لئے وہ ہمارے اندر سے لوگوں کو استعمال کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

انہوں نے علماء کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ خطے میں اپنی اجارہ داری قائم کرنا چاہتے ہیں، جس کی وجہ سے لوگوں کو مختلف گروہوں میں بانٹ رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گلگت بلتستان کے عوام میں آئینی حقوق نہ دئے جانے اور سی پیک منصوبے کے حوالے سے نہایت بے چینی پائی جاتی ہے، عوام کا کہنا ہے کہ حکومت نے اس خطے کو یکسر طور پر نظر انداز کیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری