چین نے ایران کو سی پیک منصوبے میں شامل ہونے کی دعوت دے دی


چین نے ایران کو سی پیک منصوبے میں شامل ہونے کی دعوت دے دی

چین نے ایران کو پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہدای میں ایران کی شمولیت خوش آئند ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، سعودی عرب، افغانستان اور ایران ماضی قریب میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کا حصہ بننے میں دلچسپی ظاہر کرچکے ہیں۔ اسی زمرے میں چین نے ایران کو سی پیک منصوبے میں شامل ہونے کی دعوت دے دی ہے۔

پاکستان میں موجود چینی سفیر سن وی ڈونگ کے بیان کے مطابق، ایران خطے کے اہم ممالک میں سے ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری میں ایران کو شامل کرنے سے نہ صرف چین اور ایران کے تعلقات کو فروغ ملے گا بلکہ ایران کی سی پیک میں شمولیت تہران اور اسلام آباد دونوں کیلئے بہتر ثابت ہوگی۔

سن وی ڈونگ نے واضح کیا ہے کہ چین اقتصادی راہداری منصوبے پر اب تک 13 ارب ڈالر خرچ کرچکا ہے۔

انہوں نے سی پیک میں ایران کی شمولیت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران بھی سی پیک میں شامل ہو جائے تو اسے سب کو فائدہ ہوگا۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں ایرانی صدر حسن روحانی نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے دوران سی پیک میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

دوسری جانب وزیر برائے ترقی، منصوبہ بندی اور اصلاحات احسن اقبال نے رواں ماہ کہا تھا کہ ایران اور سعودی عرب بھی سی پیک میں شمولیت کے خواہش مند ہیں اور پاکستان انھیں خوش آمدید کہتا ہے۔

اس سے قبل پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست کا کہنا تھا کہ ایران، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں کردار ادا کرنے کا خواہش مند ہے۔

سعودی عرب اور ایران کے علاوہ افغانستان نے بھی پاک چین اقتصادی راہداری کا حصہ بننے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری